|

وقتِ اشاعت :   August 27 – 2019

کوئٹہ: وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ واپڈاسمیت دیگر وفاقی محکموں میں بلوچستان کے انجینئرز کے کوٹے پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،انجینئرز گرینڈ الائنس بلوچستان کے رہنماوں کی وزیراعظم سے ملاقات کروا کے مسائل حل کرنے کی کوشش کروں گا، انجینئرز بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں اور ترقیاتی کاموں کے معیار اور بروقت تکمیل پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں۔

یہ بات انہوں نے بلوچستان انجینئرز ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر عادل نصیر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے انجینئرز گرینڈ الائنس بلوچستان کے رہنماوں انجینئر ہمایوں کاکڑ، انجینئر محبت مری،انجینئر بشیر آغا اور دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انجینئر عادل نصیر نے وزیراعظم کے معاون خصوصی سردار یار محمد رند کو بتایا کہ انجینئرز گرینڈ الائنس بلوچستان نے اپنے احتجاج کو غیر مشروط طور پر ختم کیا۔

اور کمیٹی بننے کے باوجود مائنز اینڈ منرلز کے انجینئرز کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں ہم وزیراعظم کے معاون خصوصی کے توسط سے اپیل کرتے ہیں انجینئرز گرینڈ الائنس بلوچستان کے جائز مطالبات کے حل اور مائنز الینڈ منرلز کے انجینئرز کو شوکاز نوٹس واپس دلانے میں اپنا کردارادا کریں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی سرداریار محمد رند نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں انجینئرز ریڈ ھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہیں چاہئے کہ وہ ترقیاتی کاموں کے معیار اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا سمیت دیگر وفاقی محکموں میں بلوچستان کے انجینئرز کے کوٹے پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے انجینئرز گرینڈ الائنس کے رہنماوں کے وفد کی ملاقات کرواکرانکے جائز مسائل کو حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز کے انجینئرز کو جاری ہونے والے شوکاز نوٹس کے حوالے سے بھی وہ متعلقہ حکام سے رابطہ کریں گے۔انجینئرز گرنیڈ الائنس کے رہنماؤں انجینئر عادل نصیر اور دیگر نے وزیراعظم کے معاون خصو صی سردار یار محمد رند کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی پر انکا شکریہ ادا کیا۔