|

وقتِ اشاعت :   August 31 – 2019

خضدار: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ مودی سرکار نے کشمیریوں پر شب و خون مار کربے پنا ہ ظلم و ستم ڈھارہاہے۔

گزشتہ 22دن سے کشمیری محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور ان کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے آئین سے کشمیریوں کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کردیا ہے جس کے خلاف پورپاکستان اور کشمیری سراپا احتجاج ہیں اور بھارت کے اس رویے اور دہشت گردانہ عمل کے خلاف آواز بلند کرکے پوری دنیاء کو متوجہ کررہاہے۔ بلوچستان کے عوام کا دل بھی کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

اور جب بھی ضرورت ہوگی تو بلوچستان کے قبائلی بھارت سے نبرد ازما ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ خلق جھالاوان میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پارٹی رہنماء مسلم لیگ (ن) خضدار کے صدر سابق چیئرمین میر عبدالرحمن زہری،منیراحمد قمبرانی، میر حسن قلندرانی، میر محمد اکبر جتک، عید محمد ایڈوکیٹ، میر فدااحمد قلندرانی،ثناء اللہ زہری، چیئرمین عبدالحی زہری، ثناء اللہ خان زہری،محمد ابراہیم شیخ و دیگر موجود تھے۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ ہمارے اغراض و مقاصد میں شامل ہے اور کشمیر کاز کے لئے مسلم لیگ (ن) نے ماضی بہتر انداز میں جدوجہد کی ہے۔

اور پوری عالمی دنیاء میں کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کیا ہے اورآئندہ بھی قوم کو ساتھ لیکر کشمیر کاز کے لئے بھر پور انداز میں جدوجہد کریگی، انہوں نے کہاکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو شہ رگ سے تعبیر کیا تھا اور آج بھی کشمیر پاکستان کا شہ رگ ہے اور کشمیر پاکستان بن کر رہے گا۔ اقوام متحدہ کے قوانین اور حدود کے تعین کو کراس کرکے مودی نے کشمیریوں کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کردیا ہے۔

جوکہ ان کے جارحانہ اور دہشت گردانہ عمل کو ظاہر کرتا ہے۔ ہم اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مداخلت کرے اور کشمیریوں کے جو پرانا اسٹیٹس ہے اس کو بحال کردے، کشمیریوں کی رائے کا احترام کیا جائے اور ان کو آذادی ملنی چاہیے۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ بھارت کے چھ لاکھ فوج پہلے سے کشمیر میں موجود تھیں اور اب اس میں مذید اضافہ کرکے کشمیریوں کومحصور کردیا گیاہے۔

جہاں نہ بچے اسکول جاسکتے ہیں اور نہ کہ مریض علاج کراسکتے ہیں اوران کا خوراک ختم ہوکررہ گیا ہے چادر و چار دیواری کے تقدس کو پائمال کیا جارہاہے، خواتین کی عصمت دری ہورہی ہے۔ بھارت مست ہاتھی بن چکا ہے اور دنیاء کے قوانین کو بالائے طاق رکھ کر اپنی دہشت گردی اور طاقت کشمیریوں پر دکھا رہاہے جن کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں اور بھارت کو بتانا چاہتے ہیں کہ وہ کشمیرکو ہضم نہیں کرسکتا ہے۔


ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ یہ ہماری سفارتکاری اور اسلامی ممالک سے دوستانہ ماحول کے فقدان کا عالم ہے کہ آج ایک اسلامی ملک کی جانب سے مودی کو ایوارڈ دیاگیاہے جو کہ افسوسناک ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ملک میں یکجھتی کا فقدان ہے مسلم لیگ ن کی اکثریتی قیادت جیل میں بندہے ایک طرف بھارت نے کشمیرکی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کردیا ہے۔

اور دوسری جانب ملک میں نفرتوں کا انبار لگا ہوا ہے جو کہ ملک و ملت کے لئے نامناسب عمل ہے مسلم لیگ (ن) کی قیادت بے گناہ ہے۔ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے قبائلی کمر بستہ ہیں اور وہ بھارت سے نبرد ازما ہونے کے لئے پُر عزم ہیں،۔