گوادر: پسنی جیٹی کی عدم بحالی کے خلاف ماہی گیروں کااحتجاج،ریلی اور نعرہ بازی،پسنی کے سمندرمیں غیرقانونی ٹرالنگ عروج پر ہے،جیٹی کی بحالی کے کام کا التواء ایک سازش ہے،پسنی فش ہاربر اتھارٹی کے موجودہ ایم ڈی اور پی ڈی کا فوری طورپر تبادلہ کیاجائے۔
ماہی گیروں کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق پسنی ماہی گیرویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام پسنی جیٹی کی عدم بحالی کے خلاف ماہی اور بیوپاریوں نے ایک ریلی نکالی اور احتجاج کیا اور اس دوران نعرہ بازی بھی کی گئی،احتجاجی مظاہرین نے کہاکہ جیٹی کے بحالی کے کام کا التواء پسنی کے ماہی گیروں کے خلاف ایک سازش ہے انہوں نے کہاکہ پسنی جیٹی کی فواری ڈریجنگ ہونا چاہیے لیکن اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہاکہ پسنی فش ہاربر اتھارٹی کے ایم ڈی اور پی ڈی کا فوری طورپر تبادلہ کاجائے کیونکہ موصوف جب سے ایم ڈی اورپی ڈی تعینات ہوا ہے ایک دن بھی پسنی میں اپنے آفس میں نہیں بیٹھا ہے انہوں نے کہاکہ ماہی گیروں کا معاشی قتل کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے ایک طرف پسنی جیٹی زبوں حالی کا شکار ہے تو دوسری جانب پسنی کے سمندرمیں غیرقانونی طورپر ٹرالروں کی یلغار نے ماہی گیروں کو نان شبینہ کا محتاج بنادیا ہے۔
ٹرالرمافیا بے لگام ہوچکی ہے ساحل کنارے آکر ٹرالنگ کیا جارہاہے لیکن انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہے احتجاجی مظاہرین نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پسنی جیٹی کی فوری طورپر ڈریجنگ کی جائے اور اسکے مستقل حل کے لیئے ڈریجرمشین خریدی جائے۔