|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2019

کراچی: کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر عارف نظامی نے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی جانب سے میڈیا ٹریبونلز کے قیام سے متعلق دوبارہ اعلان پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے بدنیتی پر مبنی امتیازی اور جمہوریت دشمن اقدام قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پہلے ہی غیر اعلانیہ شدید پابندیوں اور دباؤ کا شکار ہے وہاں میڈیا ٹریبونلز کے ذریعے مزید پابندیوں اور دباؤ میں جکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ملک میں جمہوری کلچر کے استحکام، تحریر و تقریر اور اظہار کی آزادی جیسے بنیادی حقوق کے فروغ میں رکاوٹ ثابت ہوگا۔

سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) اور پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن (پی بی اے) سمیت تمام میڈیا تنظیموں سے پیل کی ہے کہ وہ اس عفریت کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہو کر مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں۔

دریں اثناء اس سلسلے میں سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے کل 19ستمبر 2019ء بروز جمعرات کراچی میں اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں میڈیا ٹریبونلز سمیت حکو مت کے آزادی صحافت کے خلاف اقدامات پر غور کیا جائے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔