خضدار: ہارڈ اور کامن ویلتھ کے زیر اہتمام خضدار پریس کلب میں ایک کانفرنس بعنوان خواتین کے حقوق و ان کے اختیارات کے حوالے سے منعقد ہوئی، کانفرنس میں مردو خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی، کانفرنس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
کانفرنس سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء عید محمد ایڈوکیٹ بی این پی کے سینئر رہنماء حیدرزمان بلوچ، ریڈیو پاکستان کے اسٹیشن ڈائریکٹر سلطان احمد شاہوانی،بی این پی عوامی کے رہنماء صدام بلوچ، بی اے پی کے رہنماء غلام قادر چھٹہ، پی پی پی کے رہنماء عبدالحمید غلامانی، اساتذہ خاتون رہنماء الماس بلوچ، اسٹوڈنٹ رہنماء جاوید بلوچ، شاہین براہوئی، فضیلہ شاہین سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ دور کا تقاضہ ہے کہ خواتین کو بااختیاربناکر تمام قومی معاملات و شعبہ جات میں ان کوحصہ دار بنایا جائے، خواتین کو ووٹ کے حق رائے دہی سے لیکر فیصلے کے اختیار تک دیئے جائیں۔
ہم اسلام کی مثال لے لیں اسلام نے خواتین کو عزت و احترام اورشرف دیا ہے، ا ن ہی اسلام کی تعلیمات کی پیروی کرتے ہوئے ہم خواتین کو حقوق دے سکتے ہیں اور انہیں معاشرے میں برابری کا مقام بھی دلواسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہارڈ کامن ویلتھ کے ساتھ مل کر بلوچستان میں خواتین کو شعور و آگاہی فراہمی کے لئے پراجیکٹ پر کام کررہی ہیں،خضدار میں خواتین کی غیر رسمی اسمبلی بنائی گئی ہے اور اس کا دوسرا سال ہے کہ جس میں خواتین کو لوکل گورنمنٹ، اس کے اختیارات کے حوالے سے شعورو آگاہی دی جاتی ہے اور اس میں خضدار کی خواتین کو کافی تجربہ بھی حاصل ہوا ہے۔ اس لیئے اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو اس بات پر متفق ہونا چاہیے کہ وہ خواتین کے حقوق کے لئے آواز بلند کردیں اور مشترکہ جدوجہد کریں۔