|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2019

تربت:  جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے جمعیت علماء اسلام کیچ کے زیر اہتمام منعقدہ بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکتوبر تک اگر حکومت نے استعفی نہیں دیا تو اسلام آباد کا گھراؤ کر کے اسے گھر بھیج دینگے۔

عمران خان مغرب، یورپ، یہودی لابی اور ہندؤں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اس نے کشمیر کا سودا کرنے کے علاوہ ناموس رسالت کو داؤ پر لگادیا ہے اسلام اور جمہوریت کے حوالے سے عمران خان کا کوئی ماضی ہے نا ہی مستقبل، ملک کی معیشت تباہ، نظریاتی و جغرافیائی سرحدیں غیر محفوظ ہوگئی ہیں۔

ہمارے اکابرین نے 10سال قبل اس فتنے کی پیشگوئی کی تھی جن کو آج ملک پر مسلط کر کے اس عالمی ایجنڈے کو تکمیل پر پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے زریعے کشمیر کو پاکستان سے کاٹ دیا جائے گا، یہاں ناموس رسالت کا قانون ختم کر کے پاکستان کی سالمیت کو اور قومی تشخص کو مسخ کردیا جائے گا۔ اکتوبر سے پہلے اگر عمران خان نے باعزت طریقے سے استعفی نہیں دیا تو اسلام آباد کا گھراؤ کر کے حکومت کے خاتمے تک دھرنا دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان یہودی لابی کا لایا گیا بیروبی ایجنٹ ہے جس کو پاکستان میں نظریاتی و قومی تشخص مسخ کرنے، پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے اور معیشت کو تباہ کرنے کا ٹاسک دیاگیا ہے اس سے پہلے ایک نیازی نے پاکستان کو دولخت کیا تھا اب ایک اور نیازی کے زریعے پاکستان اور اسلام کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں، آسیہ مسیح کی رہائی کے پیچھے یورپ و مغرب اور یہودی لابی کی کوششیں شامل تھیں یہاں عدالتوں نے اسے سزا دیا مگر حکومت نے سرنڈر کرتے ہوئے اپنے آقاؤں کی خوش نودی کے لیئے اسے رہا کیا آسیہ مسیح کی رہائی پر امریکہ، اسرائیل، کنیڈین پارلیمنٹ نے عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا۔

ہم نے آسیہ مسیح کی رہائی کے خلاف احتجاج کیا تو کچھ لوگوں نے باتیں بنائیں مگر ہمارا معاملہ ایک خاتون کی رہائی کا نہیں بلکہ ناموس رسالت کے تحفظ کا تھا عمران خان کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی ناموس رسالت پر حملہ کردیاریاست مدینہ کا نعرہ اپنے اصل ایجنڈے کو چھپانے کی کوشش ہے۔

اس نعرے کے پیچھے اسلام کو اصل نقصان پہنچایا جارہا ہے عوام اور یہاں کے علماء اس بات کا ادراک رکھیں اور اپنی صفوں میں اتحاد قائم کر کے یہودی ایجنڈے کی تکمیل کے لیئے ملک پر مسلط شدہ عمران خان کے خلاف ہمارا ساتھ دیں ورنہ عمران خان کی موجودگی اس ملک اور اسلام کے لیئے بڑے سانحات کا باعث بنے گا۔

ہمارا اپنے ریاستی اداروں سے بھی یہی گلہ ہے کہ اس شخص کو کب تک برداشت کیا جائے گا جو بیرونی ایجنڈے پر ملک کے خلاف ایک مہرہ ہ اس نے کشمیر کا سودا کر لیا ہے، قائم اعظم نے کشمیر کو پاکستان کا شہہ رگ کہا تھا اور کہا تھا کہ شمشیر پر کشمیر کی حفاظت کرینگے ہم 75فیصد ملکی بجٹ دفاع کے لیئے اس لیے دیتے ہیں کہ کشمیرسلامت رہے ہمارے جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کا تشخص قائم ہو اگر اس کے باوجود بیرونی ایجنڈہ کامیاب ہوسکے تو عوام کا اٹھنا لازمی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کو دیگر ایجنڈوں کے ساتھ پاکستان کی معیشت تباہ کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے اقتدار میں آتے ہی روپے کی قدر گرنی شروع ہوئی اور آج پاکستانی روپیہ افغانستان سے بھی نیچے ہے عالمی قوتیں امریکہ اور یورپ مل کر پاکستانی کو عمران نیازی کے زریعے معاشی طور پر تباہ کرنا چاہتی ہیں تاکہ عالم اسلام کی سب سے بڑی قوت باقی نا رہے اور انہیں دنیا میں اسلام کے خلاف کھل کر سازشوں میں کامیابی مل سکے۔

جلسہ عام سے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری ممبر قومی اسمبلی سید آغا محمود شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جمعیت علماء اسلام اس ملک کا نظریاتی پاسبان ہے جے یو آئی کے کارکنان ملک اور کشمیر کی حفاظت کے لیئے سر پر کفن باندھے کھڑے ہیں کوئی بیرونی ایجنٹ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے تو اس کے سامنے سینہ سپر ہونگے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر ہماری جان ہے اس کی حفاظت ہمارا فرض ہے بھارت ہو یا کوئی اور قوت اسے سمجھنا چاہیے کہ جمعیت علماء اسلام کی موجودگی ان کا کوئی ایجنٹ کامیاب نہیں ہوگا جے یو آئی اکتوبر کے مہینے میں اسلام آباد کی جانب مارچ کر کے اس وقت تک وہاں دھر نا دیگی جب تک حکومت ختم نہیں ہوگا۔

جلسہ عام سے جے یو آئی کے صوبائی نائب امیر مولنا کالد ولید سیفی، صوبائی نائب امیر مولنا صدیق مینگل، صوبائی نائب امیر مولنا محمد سرور، صوبائی نائب امیر مولنا کمال الدین،ممبر صوبائی اسمبلی بلوچستان حاجی محمد نواز کاکڑ، حاجی اصغر تریں، میر زابد ریکی، حاجی عثمان بادینی میر یونس زہری، جے یوئی آئی بلوچستان کے رہنما مولنا یحیی، صوبائی ناظم بلوچستان مولنا وڈیرہ عبدالخالق، جے یوآئی پنجگور کے امیر مولنا اعظم نے کہاکہ موجودہ حکومت نا جمہوری طرز پر قائم ہے اور نا ہی اسلامی طریقے سے عوام پر حکمرانی کررہی ہے بلکہ اسے عوام پر زبردستی مسلط کردیاگیا ہے جس کی وجہ سے عوام روز بروز تنگ آرہے ہیں۔

ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے اور حکمران خواب گرگوش میں ہیں انہیں بیرونی قوتوں کی طرف سے جو ایجنڈہ دیا گیا ہے اس کی تکمیل کے لیئے سرگرم ہیں اس لیئے انہیں عوام اور ان کے مسائل و مشکلات سے کوئی سروکار نہیں حکمران سمجھتے ہیں کہ جب تک ان کے سرپر دست شفقت موجود ہے انہیں عوام کی پرواہ نہیں ہے اس لیئے وہ ملک میں اپنی من مانی کررہے ہیں۔

کبھی کشمیر کا سودا کرتے ہیں تو کبھی تحفظ ناموس رسالت کو چھیڑتے ہیں جس کا واحد مقصد امریکہ، یہودی اور یورپ کو خوش کرنا ہے مگر اسلام کے نام پر قائم ملک پر مذید کوئی یہودی ایجنٹ برداشت نہیں ہوگا اکتوبر حکمرانوں کے لیئے بھاری چابت ہوگا اگر وہ عزت چاہتے ہیں تو باعزت طریقے سے استعفی دے کر اقتدار چھوڑ دیں ورنہ زبردستی انہیں اقتدار سے باہر کردینگے۔

انہوں نے کہاکہ جے یو آئی اس ملک کا نظریاتی پاسبان ہے اقتدار اگر جے یو آئی کو مل جائے تو ملک کے تمام مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت ہمارے لیڈر شپ میں موجود ہے، ملک کے تمام مسائل دور کر کے مشکلات کا حل نکال لینگے اور ملک کی معیشت کو درست سمت دے کر اسے نظریاتی طور پر ایک محفوظ ملک بنا دینگے۔

اس سے قبل جے آئی کیچ کی جانب سے ریلی کی صورت میں مرکزی و صوبائی قائدین کا استقبال کر کے انہیں شہر میں گشت کرایاگیا، جلسہ گاہ میں پویس اہلکاروں کے ساتھ جے یو آئی کے دستوں نے سیکیورٹی کی صورتحال کنٹرول میں کی تھی۔