تربت : ایف سی ساؤتھ بلوچستان کے زیر اہتمام میرانی ڈیم ماڈل ولیج میں مکانات اور 5دکانوں کی چابیاں تقسیم،تقریب میں آئی جی ایف سی نے بطور مہمان خاص شرکت کی۔
میرانی ڈیم میں گزشتہ روز ایک تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خاص آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان میجر جنرل سعید احمد ناگرہ تھے ، معروف سیاسی و سماجی شخصیت میر یاسر بہرام رند نے آئی جی ایف سی ساؤتھ کا پر تپاک استقبال کیا۔تقریب کے دوران ایف سی ساؤتھ بلوچستان کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تعمیر کی گئی میرانی ڈیم ولیج کے 20مکانات اور 5دکانوں کی چابیاں غریب مالکان کو دستاویزات کے ساتھ حوالہ کی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان میجر جنرل سعید احمد ناگرہ نے کہاکہ میرانی ڈیم ماڈل ولیج یہاں کے غریب عوام کے لیئے ایف سی کی طرف سے ایک تحفہ ہے جس کے وہ حقدار ہیں ایف سی کے ساتھ عوام کے تعاون پر فخر ہے اس کی مثال کہیں نہیں ملتی کوشش ہے کہ عوام کے تعاون سے علاقے میں مذید مثبت تبدیلیاں لائی جائیں۔
انہوں نے کہاکہ ایف سی عوام کی خادم ہے عوام کے ٹیکس سے ہمیں تنخواہ ملتی ہے ملک کی سرحدوں اور عوام کا تحفظ کرنا ہمارا آئینی فریضہ ہے مٹھی بھر دہشت گردوں کا موازنہ ہم سے نا کیا جائے آخری دہشت گرد تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے۔
تقریب سے میر یاسر بہرام رند نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میرانی ڈیم ماڈل ولیج ایف ساؤتھ کا ایک عظیم کارنامہ ہے جس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں یہاں کے عوام پسماندگی اور احساس محرمی کے باوجود ہر محاز پر فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ جس وقت کشمیری بھائیوں کو ہماری ضرورت ہوگی ہم فوج کے شانہ بشانہ ہو کر ان کے ساتھ رہیں گے۔