|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2019

صدر ٹرمپ نے جنھیں ٹویٹ کرنے کا بہت شوق ہے، افغان طالبان سے مذاکرات کے بارے میں جو پیغام بھیجا اس پر بہت سے لوگوں نے تنقید کی ہے مگر اس کے باوجود یہ مثبت پیغام ہے۔

ٹرمپ نے افغان طالبان کے ساتھ معاہدے کے اعلان کے لیے کیمپ ڈیوڈ ملاقات منسوخ کر کے جرات مندانہ قدم اٹھایا۔ ورنہ یہ زلمے خلیل زاد کے لیے مہر تصدیق اور طالبان کے سامنے مکمل طور پر ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہوتا۔

افغانستان کو ایک جمہوری اور ترقی پسند نظام حکومت دینے کے لیے صرف امریکی فوجیوں نے ہی اپنی جانیں قربان نہیں کیں بلکہ افغان عوام نے بھی اس کی بھاری قیمت ادا کی۔

افغان خواتین نے بھی اطمینان کا سانس لیا ہو گا کیونکہ خلیل زاد کی قیادت میں اسلامی امارت افغانستان سے ہونے والے سمجھوتے میں اُن عورت دشمن عناصر کے ساتھ سودے بازی کی گئی جو لڑکیوں کے اسکولوں اور دوسرے تعلیمی مراکز کو تباہ کرنے کا ٹریک ریکارڈ رکھتے ہیں۔ان لوگوں نے خواتین کے لیے برقع پہننا بھی لازمی قرار دیا تھا۔

پہلی بات تو یہ ہے کہ امریکہ کو حملہ ہی نہیں کرنا چاہیئے تھااور سخت رد عمل کے طور پر اپنی فوج افغانستان نہیں بھیجنی چاہیئے تھی۔وہ شمالی اتحاد کی مدد سے افغان طالبان کی حکومت کو ختم کر سکتا تھا اور اس کے ساتھ ہی پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ امارات پر طالبان سے یکسر علیحدگی اور ان کی مالی مدد روکنے کے لیے دباؤ ڈال سکتا تھا،انہی تین حکومتوں نے طالبان کو تسلیم کیا تھا۔

جیسا کہ اسٹیو کول نے خاصی تحقیق کے بعد اپنی تصنیف “Directorate S” میں کہا ہے کہ پاکستان نے طالبان کی مدد کے لیے ایک علیحدہ خفیہ شعبہ قائم کر رکھا تھا جس کا تعلق حکومت پاکستان سے ثابت نہیں کیا جا سکتا تھا۔

اب امریکا اعتراف کرتا ہے کہ پاکستان نے امریکیوں اور طالبان کے درمیان بات چیت میں مدد کی۔ہو سکتا ہے کہ افغان طالبان کے ساتھ پاکستان کے رابطوں نے افغانستان میں بھارت کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے خلاف پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کی کچھ مدد کی ہو۔

ایک عرصہ تک امریکی پاکستان کو یہ کہتے رہے کہ مزید کچھ کرو جس پر پاکستانی اسٹیبلشمنٹ برہم بھی ہوتی رہی اور ہم یہ کہتے رہے کہ طالبان پر ہمارا زیادہ اثرورسوخ نہیں ہے۔

اس سے پہلے، افغان طالبان، امریکا، چین اور روس کے درمیان چار فریقی مذاکرات کا انتظام کرنے کے لیے پاکستان کی کوشش ناکام ہوگئی تھی کیونکہ افغان انٹیلجنس نے یہ راز افشا کر دیا تھا کہ طالبان کے سپریم لیڈر ملا عمر کئی ماہ پہلے پاکستان کے ایک ہسپتال میں انتقال کر چکے ہیں جبکہ پر اسرار طریقے سے مذاکرات کے حق میں ملا عمر کا ایک جعلی خط بھی منظر عام پر لایا گیا۔

اس صورت حال نے افغان طالبان کو اپنی تحریک کے نئے امیر اختر منصور کے اعلان پر مجبور کیا جو مئی 2016 میں اُس وقت امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا تھا جب وہ ایران کے ساتھ ملنے والی سرحد عبور کر کے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔عام طور پر باور کیا جاتا تھا کہ وہ امریکہ کے ساتھ امن مذاکرات کے حق میں نہیں تھا اور اسی لیے امریکا نے اسے راستے سے ہٹا دیا۔

اس کے بعدافغان طالبان نے ہیبت اللہ اخونزادہ کو اپنا امیر منتخب کیا۔وہ افغان سرحد کے قریب پاکستان کے ایک گاؤں میں ایک مدرسہ چلاتا تھا۔اس حقیقت نے کہ ملا عمر کا انتقال پاکستان کے ایک ہسپتال میں ہوا، اس کا جانشین ملا منصور پاکستان کے ایک سرحدی شہر میں ڈرون حملے میں مارا گیااور اس کے پاس پاکستانی پاسپورٹ بھی تھا جس پر وہ کئی بار متحدہ عرب امارات جا چکا تھا اور یہ کہ افغان طالبان کا نیا امیر ہیبت اللہ اخونزادہ پاکستان میں مقیم تھا اور ایک کیمپ چلا رہا تھا،امریکی اور افغان حکومت کے ان الزامات میں وزن پیدا کر دیا کہ پاکستان افغان طالبان لیڈروں کو پناہ دیتا ہے۔مگر پاکستان کے دفتر خارجہ نے ہمیشہ اس کی تردید کی۔

دوسری طرف پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے قبائلی علاقوں میں حقانی گروپ کے لیڈروں کی موجودگی کی بھی تردید کی گئی حالانکہ اسے اچھی طرح سے معلوم ہے کہ افغانستان اور امریکا ہماری تردید پر یقین نہیں کرتے۔

امریکہ اور افغانستان نے جب بھی اصرار کیا کہ پاکستان مزید اقدامات کرے،پاکستانی حکومت نے اس پوری گفتگو کا رخ پاکستانی طالبان کے خلاف کیے جانے والے آپریشن کی طرف موڑ دیااور یہ موقف اختیار کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے اہل کاروں اور بے گناہ سویلینز سمیت 70,000 افراد کی قربانی دے چکا ہے۔

یاد رہے کہ شروع میں پاکستانی طالبان کو ہماری اپنی اسٹیبلشمنٹ نے تخلیق کیا تھا تاہم اسٹیبلشمنٹ اُس وقت ان کے خلاف ہوئی جب انھوں نے اپنے ہی آقاؤں کے خلاف بغاوت کر دی اور سوئس افسانوی کردار frankenstein بن گئے۔

افغانستان کی منتخب حکومت اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے ساتھ، جو شمالی اتحاد کے ایک مقبول لیڈر ہیں،بات چیت سے طالبان کا انکار،گھڑی کی سوئی الٹی گھمانے کے متراد ف ہے،کیونکہ وہاں صدارتی الیکشن ہونے والا ہے۔طالبان کو جو جمہوریت پر یقین نہیں رکھتے،مجبور کیا جانا چاہیئے تھا کہ وہ اگلے انتخابات میں حصہ لیں اور اگر وہ جیت جائیں تو دہشت گرد حملوں میں بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے کی بجائے افغانستان میں اپنی حکومت بنائیں۔

اسلام پسند صرف اس وقت تک جمہوریت پسند ہوتے ہیں جب تک حکومت سے باہر ہوتے ہیں۔جب وہ منتخب ہو جاتے ہیں توپھر قرون وسطیٰ کی اقدار نافذ کرنے کی آڑ میں اپنا فسطائی رنگ دکھاتے ہیں۔کیامصر میں مرسی کی جماعت اخوان المسلمون نے ایسا نہیں کیا تھا؟

پاکستان نے بالآخر اپنی پالیسی تبدیل کر لی ہے کہ وہ اپنی قومی سلامتی کی پالیسی آگے بڑھانے کے لیے غیر ریاستی اداکاروں کو استعمال نہیں کرے گا۔اس تبدیلی کی بڑی وجہ بین الاقوامی دباؤ اور آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کی اقتصادی پابندیوں کا خوف ہے۔یہ پالیسی اس وقت تبدیل ہونا شروع ہوئی جب پاکستان کو پاکستانی طالبان کا مقابلہ کرنا پڑا۔

جنرل کیانی نے کہا تھا کہ پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ اندرسے ہے۔پاکستان کی فوج نے پاکستانی طالبان کے خلاف بہادری سے جنگ لڑی اور 70 سال کے بعد فاٹا کاخیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام ہوا۔