|

وقتِ اشاعت :   September 28 – 2019

ڈیرہ اللہ یار: جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و رکن صوبائی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ مقتدر قوتوں کی سلیکٹڈ حکومت نے ملک اور ملکی اداروں کو تباہ و برباد کر دیا ہے ملکی معیشت آج جس نہج پر پہنچی ہے ماضی میں اسکی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی مہنگائی اقربا پروری اور انتقام کی سیاست کو پروان چڑھا کر جمہوری قوتوں کو دیوار سے لگانے کی منظم کوشش کی جارہی جمعیت علماء اسلام ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے ہر جدوجہد کرنے کو تیار ہے۔

آزادی مارچ سلیکٹڈ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا جمہوری قوتیں نااہل حکومت کو ہٹانے کے لیے آزادی مارچ کا حصہ بن کر عملی طور یکجہتی کا ثبوت دیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اللہ یار کے ریلوے گراؤنڈ میں آزادی مارچ کے سلسلے میں شعور آگہی مہم کے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مقتدر قوتوں نے قوم پر نااہل حکمرانوں کو مسلط کرکے پور ی دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی کرائی ہے اب مزید نااہل حکمرانوں کو کسی صورت رعایت نہیں دینگے سلیکٹڈ حکومت کو گرانے کا وقت آن پہنچا ہے۔

مولانا عبدالواسع نے کا کہنا تھا کہ دشمن ممالک کشمیر سمیت بلوچستان ودیگر صوبوں میں اپنی ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے سرگرم ہیں آئے روز بلوچستان میں بم دھماکے اغوا برائے تاوان اور لوگوں کو ذبح کیا جارہا ہے یہی وہ تسلسل ہے جو کہ 1971سے جاری ہے بھارت ایک بار پھر پاکستان کو دولخت کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے ملک کو بچانے کے لیے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کا ساتھ دینا ہوگا بدقسمتی سے قیام پاکستان سے لیکر آج تک مذہبی جماعتوں کو اقتدار سے باہر رکھا گیا۔

وڈیروں جاگیر داروں اور سرمایہ داروں کو حکومت سونپ کر ملک کو نقصان پہنچایا گیا ملک کی ترقی اور خوشحالی نظریہ اسلام سے ہی ممکن ہے موجودہ حکومت نے کشمیر کا سودا کردیا ہے اور اب مگرمچھ کے آنسوبہا کر قوم کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹائی جارہی اسکول کے کمسن طلبہ سے نعرے لگوا کر کشمیر کو آزاد نہیں کرایا جاسکتا کشمیر کی آزادی جہاد سے ہی ممکن ہے کشمیر کا سودا کرنے والے کبھی بھی کشمیر کو آزاد نہیں کرواسکتے بھارت کو کشمیر میں نہتے مسلمانوں پرظلم کے پہاڑ توڑنے کی قیمت چکانی ہوگی۔

جلسہ سے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکریٹری سید آغا محمود سابق گورنر فضل آغا ڈپٹی جنرل سیکریٹری وڈیرہ عبدالخالق زہری سابق صوبائی وزیر جے پرکاش جے یو آئی جعفرآباد کے ضلعی امیر مولانا عبدالغنی ہانبھی نائب امیر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کھوسہ جنرل سیکریٹری میر حسن ساسولی تحصیل امیر منیر احمد بھنگر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔جلسہ میں جے یو آئی کے جنرل سیکریٹری میر حسن ساسولی نے سپاس نامہ بھی پیش کیا جبکہ کارکنان آزادی مارچ کے حق میں فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔

دریں اثناء جمعیت علماء اسلام نصیرآباد کے زیراہتمام تحفظ ناموس رسالت سے رکن قومی اسمبلی جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے امیر مولانا عبدالوسع جنرل سیکرٹری ایم این اے آغاسیدمحمودشاہ سابق گورنربلوچستان فضل آغا ضلعی امیر نصیرآبادمولانا بشیراحمدجمالی جنرل سیکریڑی میرنظام الدین لہڑی تحصیل امیر حاجی رحمت اللہ بنگلزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کو 31تاریخ تک مستفی ٰ ہونے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے اگر عمران خان کھلاڑی ہے تو جے یو آئی اسلام آباد میں ضرور میچ کھلے گی مولانا فضل الرحمن کی پہلی بال پر عمران خان کی وکٹ گر جائے گی۔

کشمیر کو ٹر مپ اور مودی کو تحفہ دینے والی حکومت کا خاتمہ کرکے دم لینگے آزادی مارچ اسلام آبادکیلئے لاکھوں افراد بلوچستان سے شرکت کرینگے اس سے سلیکٹڈ وزیراعظم اس کوکہتے ہیں کشمیر کی ثالثی کا کردار ٹرمپ کو دے کر کشمیری عوام کی 75سالہ آزادی کی جنگ کی تحریک کود شمن کی جھولی میں ڈال دی گئی ہے۔

اب مختلف جھوٹ بول کر عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں کشمیر عوام کی خواہش ضروری پوری ہوگی کشمیر بنے گا پاکستان لیکن جب تک عمران خان وزیراعظم ہیں یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا ہے ناموس رسالت کے قانون میں کسی صورت مداخلت برداشت نہیں کرینگے۔

موجودہ حکومت معیشت کو تباہی کرنے کے دہانے پرپہنچایا ہے عمران کو آخری وارننگ دے رہے ہیں کہ استعفی دو موجودہ صوبائی حکومت نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے بلوچستان کا گرین بیلٹ نصیرآباد تباہی کے دہانے پرہے بلوچستان کے واحد نہری نظام پٹ فیڈرکینال میں اربوں روپے کی شرمناک کرپشن کی گئی۔

مشیر تعلیم کے حلقہ انتخاب باباکوٹ میں پتھر کا زمانہ ہے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں نصیرآباد کے عوام سے عوامی نمائندوں نے ظلم کیاہواہے اس سے تو مقبوضہ کشمیر کی سڑکیں اچھی بنی ہوئی ہیں اور کہاکہ بلوچستان حکومت نام نہاد بھرتی کمیٹیوں کے زریعے میرٹ کا گلہ کاٹ کر سفارش کی بنیادوں پر بھرتیوں کا عمل شروع کیا ہوا ہے بے روزگار نوجوان پریشانی کے عالم میں ہیں۔