کراچی: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے لورالائی میں ایگل اسکواڈ کے اہلکار کی بم دھماکے میں شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیکورٹی فورسز نے ہمیشہ کی طرح بہادری کی روایت کو برقرا ررکھتے ہوئے دشمن کی ایک اور بزدلانہ کوشش کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کو اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دہشتگردی کے خلاف فورسز کے حوصلے و عزائم قابل فخر ہیں انہی کی بدولت صوبے میں امن قائم ہوا ملک دشمن عناصر اور دہشتگرد نہیں چاہتے کہ ملک اور صوبے میں امن قائم ہو اور عوام سکون کی زندگی بسر کرسکیں۔
عوام اورسیکورٹی فورسز ملکر ان دہشتگردوں کو شکست دیں گے۔ آخر میں انہوں نے شہید ہونے والے اہلکار کیلئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔