گوادر : چائنیز حکومت کی جانب سے فراہم کیئے گئے سولر پینل اور ماہی گیری آلات کی مبینہ غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف ماہی گیروں کا احتجاج۔ ماہی گیروں کے ایک گروپ نے مغربی ساحل کے ماہی گیر شیڈ پرشدید احتجا ج کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان فشر فوک فورم کے نائب صدر غلام مصطفی رمضان، پاکستان فشر فورم کے سینئر نائب صدر رسول بخش اور ناخدا ابراہیم نے احتجاجی ماہی گیروں سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ چائینز حکومت نے گوادر کے مقامی ماہی گیروں کے لیئے جو سولر پینل اور ماہی گیرآلات تحفے میں دیئے ہیں اس کی تقسیم غیر منصفانہ ہے جس میں مستحق ماہی گیروں کو نظر انداز کر کے من پسند ماہی گیروں کو نوازا گیا ہے جو ان کے حق دار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کے ماہی گیروں نے اپنے ماہی گیر نمائندوں پر اندھا دھند اعتبار کر کے یہ سمجھا تھاکہ یہ نمائند ے مستحق ماہی گیروں کے ساتھ انصاف کرینگے لیکن ان کے اعتماد کو سخت ٹھیس پہنچائی گئی ہے اور ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالاگیا ہے جس کی جتنی بھی مزمت کی جائے وہ کم ہے۔
اس موقع پر احتجاجی ماہی گیروں نے شیڈ پر قائم فشر مین فورم نامی ماہی گیرتنظیم کے دفتر کو احتجاجا تالہ بھی لگا دیا جبکہ گوادر فشرمین فورم کے رہنماء رسول بخش نے سولر پینل اور ماہی گیر ی کی آلات کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف احتجاجا تنظیم کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔