اسلام آباد : ملک کی تمام میڈیا تنظیموں اے پی این ایس، سی پی این ای، پی بی اے اور پی ایف یو جے (برنا گروپ، دستور گروپ اور ورکرز گروپ) کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی کابینہ کے خصوصی میڈیا ٹریبونلز قائم کرنے کے فیصلے کو متفقہ طور پر مسترد کر دیا ہے۔
میڈیا تنظیموں کا ایک مشترکہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں تمام میڈیا تنظیموں کے سربراہوں نے وفاقی حکومت کی طرف سے میڈیا کی آزادی سلب کرنے کی کوششوں کو میڈیا ٹریبونلز کے ذریعے ایک باضابطہ شکل دینے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جو حکومت کے مقتدر حلقوں کی طرف سے میڈیا پر عائد پابندیوں کا تسلسل ہے۔ مشترکہ اجلاس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اس میڈیا دشمن فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔
اجلاس نے فیصلہ کیا کہ میڈیا ٹریبونلز کے قیام کی مزاحمت اور مخالفت کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ تمام تنظیموں کے سربراہان پر مشتمل ایک اسٹینڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی جو اس ضمن میں مزید اقدامات طے کرے گی۔
اجلاس میں میڈیا تنظیموں کے سینئر نمائندوں بشمول حمید ہارون (صدر اے پی این ایس)، عارف نظامی (صدر سی پی این ای)، شکیل مسعود (چیئرمین پی بی اے)، مبارک زیب پی ایف یو جے (برنا)، نواز رضا پی ایف یو جے (دستور)، پرویز شوکت پی ایف یو جے (ورکرز)، سردار خان نیازی (نائب صدر سی پی این ای)، ڈاکٹر جبار خٹک (سیکریٹری جنرل سی پی این ای)، ممتاز طاہر (نائب صدر اے پی این ایس)، سرمد علی (سیکریٹری جنرل اے پی این ایس)، سید محمد منیر جیلانی (جوائنٹ سیکریٹری اے پی این ایس)، شہاب زبیری (فنانس سیکریٹری اے پی این ایس)، مجیب الرحمن شامی چیف ایڈیٹر (روزنامہ پاکستان)، سید ظفر عباس چیف ایڈیٹر (روزنامہ ڈان)، جمیل اطہر چیف ایڈیٹر (روزنامہ تجارت)، آصف زبیری پبلشر (روزنامہ بزنس ریکارڈر)، راجہ ریاض پی ایف یو جے ورکر، تحسین راٹھوڑ پی ایف یو جے ورکر، خوشنود علی خان چیف ایڈیٹر (روزنامہ صحافت) اور محسن بلال ایڈیٹر (روزنامہ اوصاف) نے شرکت کی۔