|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2019

کراچی: سینئر صحافی شریف جنگیان انتقال کرگئے، شریف جنگیان گزشتہ چند روز سے شدید علیل تھے کراچی کے اسپتال میں گزشب انتقال کرگئے جن کی نمازجنازہ عیدگاہ مسجد لیاری کراچی میں ادا کی گئی جبکہ ان کی تدفین آبائی قبرستان میوشاہ کراچی میں کی گئی۔

اس موقع پر سیاسی، سماجی، صحافتی حلقوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سینئر صحافی شریف جنگیان ڈیلی سندھ، ایکسپریس، ڈیلی بلوچستان ایکسپریس،روزنامہ آزادی، روزنامہ حقیقت کے بنیادی ممبران میں شامل رہ چکے جبکہ روزنامہ توار اور ماہنامہ احتساب میں بھی بطور سینئر صحافی فرائض سرانجام دے چکے ہیں جبکہ حال ہی میں انہوں نے اپنی ایک نئی میگزین کی اشاعت کا آغاز شروع کیا تھا جو کھیل اور کھلاڑی کے نام سے تھا۔

شریف جنگیان سیاسی، معیشت کے علاوہ اسپورٹس کی رپورٹنگ بھی کرتے رہے ہیں۔ شریف جنگیان کا شمار سینئر بلوچ صحافیوں میں ہوتا ہے جو بزرگ صحافی اور دانشورلالاصدیق بلوچ، مدیر روزنامہ حقیقت اسلم جنگیان کے چھوٹے بھائی تھے۔

شریف جنگیان سیاست سے بھی وابستہ رہ چکے ہیں جنہوں نے طالبعلمی میں بی ایس او سے سیاست کا آغاز کیا اور پاکستان نیشنل پارٹی سے بھی وابستہ تھے، شریف جنگیان سیاست اور صحافت کے حوالے سے لالاصدیق بلوچ کے بہت ہی قریب تھے۔شریف جنگیان نے سوگواران میں ایک بیوہ جبکہ دوبیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔