|

وقتِ اشاعت :   October 6 – 2019

کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع ڈیرہ بگٹی، تربت، چاغی، دالبندین،گوادر، بیلہ، مستونگ،خضدار، قلات،بولان، موسیٰ خیل، پشین، لورلائی، خاران، ہرنانی میں موسلا دھار بارشیں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

ڈیرہ بگٹی میں سیلابی ریلے میں بہہ کر خاتون جاں بحق چاغی میں بارش کے باعث گاڑی پھسلنے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ ہرنائی میں سیلابی ریلے کے گزرنے سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگی۔ ہفتہ کے روز صوبائی درالحکومت کوئٹہ میں شروع ہونے والے بارش کا سلسلہ رات تک وفقہ وفقہ سے جاری رہا بارش اور ژالہ باری سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ نکاسی آب کا پانی سٹرکوں پر جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کوئٹہ کے متعدد علاقوں میں شہری علاقوں کے نسبیت بارش کم ہوئی ہے۔

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں ہفتہ کے روز تیز ہواؤں کیساتھ ہونے والی طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی قادر آباد میں آنیوالے سیلابی ریلے میں بہہ کر ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

بلوچستان کے ضلع چاغی دالبندین اور ان سے مضافاتی علاقوں میں ہفتہ کو موسلادھار بارش ہوئی چاغی کے نواحی علاقے مکنٹوک میں ویکسین کی نگرانی کے لیے جانے والے ڈسڑکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امداد بلوچ دیگر چاافراد سمیت بارش کے باعث گاڑی کے پھسلنے سے زخمی ہوگئے جنہیں دالبندین ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔

بارش سے قبل شدید طوفانی آندھی چلنے سے پاک ایران آر سی ڈی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ تربت،گوادر، بیلہ، مستونگ،خضدار، قلات،بولان، موسیٰ خیل، پشین، لورلائی، خاران، ہرنانی میں بھی ہونے والی موسلا دھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ ہرنائی میں سیلابی ریلے کے گزرنے سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگی۔