|

وقتِ اشاعت :   October 6 – 2019

تربت:  آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کیچ کے وفدنے کنوینیر محمد جان دشتی کی قیادت میں کمشنرمکران ڈویژن کیپٹن (ر) طارق زہری سے ملاقات کی۔

وفد میں نیشنل پارٹی کے محمد جان دشتی، چیئرمین حلیم بلوچ، مسلم لیگ (ن) کے نواب شمبے زئی، بی این پی کے شے نزیر احمد، سیدجان گچکی، بی این پی عوامی کے ظریف زدگ، زاہد سلیمان، پی این پی عوامی کے خلیل کٹور، انجمن تاجران کے اسحاق روشن دشتی، جمال مری، جے یو آئی کے حافظ عبدالقدیر،کیچ بار کے باہڑدشتی سمیت دیگر شریک تھے۔

وفدنے کمشنرمکران ڈویژن کو گزشتہ چند دنوں سے تربت میں امن وامان، چوری ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ایسامحسوس ہوتاہے کہ جرائم پیشہ عناصرنے تربت کو اپنے کنٹرول میں لیاہے اورپولیس وانتظامیہ ان کے سامنے سرینڈرکرتے ہوئے مکمل طورپر اپنے فرائض سے غافل ہوچکے ہیں، انہوں نے خودکو اس ساری صورتحال سے لاتعلق رکھاہے اور آئے روزکی وارداتوں کے باوجود کسی قسم کی کوئی ایکشن یا حرکت نظرنہیں آتی۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں کمشنرمکران سے کچھ امیدہے کہ وہ اس صورتحال میں کچھ نہ کچھ ایکشن ضرورلیں گے اور انتظامیہ وپولیس سے بازپرس کرکے عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے اقدامات کویقینی بنائیں گے اورہماری اس تشویش کو صوبائی حکومت تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس اپنے عوام کو چوروں لٹیروں اور ڈاکوؤں کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑسکتی اگریہی صورتحال برقرار رہی توآل پارٹیز جمہوری احتجاج کے تمام ذرائع مظاہرے، ریلیاں اورغیرمعینہ مدت کیلئے شٹرڈاؤن کی کال دے سکتی ہے، کمشنرمکران ڈویژن کیپٹن (ر) طارق زہری نے وفدکویقین دلایاکہ وہ اس سلسلے میں انتظامیہ وپولیس کے ساتھ مکمل طورپر آن بورڈہیں،اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

پیرکے روز تک انشاء اللہ کچھ رزلٹ ملے گی، وفدنے کہاکہ اگرپیر تک کچھ نتائج برآمدنہ ہوئے اور ڈکیت گرفتار نہ ہوسکے تو آل پارٹیز جمہوری احتجاج کے تمام ذرائع بروئے کارلانے کے اعلان پرمجبورہوگی۔