کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے ترجمان نے بلوچستان یونیورسٹی میں مبینہ طور پر طالبات کو ہراساں کرنے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ بلوچستان یونیورسٹی میں طالبات کوجنسی طور پر ہراساں کرنے،انکے ساتھ مبینہ زیادتی اور سی سی ٹی وی ویڈیوز کے ذریعے طالبات کو بلیک میل کرنے کی پاکستان پیپلز پارٹی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ طالبات کو ہراساں کرنے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں انکے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہونی چاہئے اور جو بھی عناصران واقعات میں ملوث ہیں انہیں فوری طور پر گرفتار کرکے عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ طالبات کو جنسی ہراسگی میں ملوث عناصرجو چھٹیوں پر انہیں بھی فوری طور پر گرفتار کرکے تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کوسخت سے سخت سزادی جائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی طالبات کو جنسی ہراساں کرنے کی جرات نہ ہوسکے۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اگر فوری طور پر جنسی ہراسگی میں ملوث عناصرکو گرفتار نہیں کیا تو پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ ملکراحتجاج کرنے پر مجبور ہوگی