|

وقتِ اشاعت :   October 16 – 2019

کوئٹہ: لیلیٰ او لیلیٰ سانگ سے غیر معمولی مقبولیت ملی، منفی پروپیگنڈوں کو اہمیت نہیں دیتی، 8 سال کی عمر میں عابدہ پروین کی صوفیانہ کلام سے متاثر ہوکر موسیقی کی طرف دلچسپی بڑھ گئی، علی ظفر عظیم فنکار ہونے کے ساتھ ایک بہت اچھی شخصیت کے بھی مالک ہیں، موسیقی میں استاد میرے بڑے بھائی سلمان ہیں۔ ان خیالات کااظہار کوئٹہ کے علاقے وحدت کالونی کی رہائشی عروج فاطمہ نے آزادی ویب نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

عروج فاطمہ نے کہاکہ لیلیٰ اولیلیٰ سانگ توقع سے زیادہ مقبول ہوا علی ظفر کے ساتھ اس سانگ کو گانے کیلئے گھبراہٹ ہوئی مگر ایک ساتھی گلوکارکے طور پر جس طرح رویہ علی ظفر نے اپنایا تو پُراعتماد ہوکر میں نے یہ سانگ اس کے ساتھ گایا جو چند گھنٹوں کے اندر ہی بہت زیادہ مقبول ہوگیا اور اس کے بعد میرے فالورز بھی بہت زیادہ بڑھ گئے۔ عروج فاطمہ نے کہاکہ موسیقی کے ساتھ جنون کی حد تک لگاؤ ہے۔

روزانہ دو گھنٹے لازمی ریہرسل کرتی ہوں مگر پڑھائی پر بھی خاص توجہ دیتی ہوں کیونکہ شوق سے تعلیم بھی ضروری ہے پوزیشن بھی اچھے حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میرے گھروالوں کی طرف سے مجھے کبھی بھی پابندی کا سامنا نہیں کرناپڑا بلکہ موسیقی کے اس مقام تک پہنچنے پر گھروالوں نے بہت زیادہ سپورٹ کیا خاص کر بڑے بھائی سلمان مجھے ہر جگہ اپنے ساتھ لے جاتے تھے اور اسی طرح موسیقی کا شوق بڑھتا گیا۔

جسے میں اپنا استاد مانتی ہوں۔ عروج فاطمہ نے کہاکہ علی ظفر ایک دلچسپ اور ہمدرد انسان ہیں جس کے ساتھ پہلی بار کام کرنے میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا جب علی ظفر کے ساتھ سانگ گانے کاسوچ رہی تھی تو بہت گھبراہٹ کا شکار ہوگئی تھی مگر علی ظفر نے دوستانہ ماحول بناکر میری ہچکچاہٹ کو ختم کیا کہ میں کسی بڑے فنکار کے ساتھ پرفارم کررہی ہوں۔ عروج فاطمہ کا کہنا تھا کہ میرے متعلق اگر چند برے کمنٹ آتے ہیں۔

تو اس کی مجھے پرواہ نہیں کیونکہ اس کی نسبت بہت زیادہ مثبت پیغامات اور فالورز میرے ہورہے ہیں اوراس سانگ کے بعد تو بہت ہی زیادہ مقبول ہوگئی ہو یہ سب انہی چاہنے والوں کی دعاؤں اور محبت کا نتیجہ ہے۔

عروج فاطمہ نے کہاکہ میں ڈاکٹربننا چاہتی ہوں جب آزادی ویب نیوز نے سوال کیاکہ اگر آپ کو موسیقی کے شعبہ سے بڑی پیشکش آئے گی تو آپ کونساشعبہ اپنائینگے جس پر انہوں نے کہاکہ یہ میرے لئے بہت مشکل جواب ہے بہرحال یہ مستقبل پر ہی چھوڑدیتی ہوں مگر موسیقی کو کبھی بھی نہیں چھوڑونگا کیونکہ اس کے ساتھ بے حد لگاؤ اور میری محنت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔