تربت: الیکشن ٹریبونل کے جسٹس نزیر احمد لانگو نے PB-48کیچ IVکی نشست پر حتمی دلائل کیلئے28اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی، حاجی اکبر آسکانی کے وکیل کی ازسرنوسماعت کی درخواست مسترد، تفصیلات کے مطابق 25جولائی 2018ء کے الیکشن کے بعد PB-48کیچIVکی صوبائی اسمبلی کی نشست پر بی این پی عوامی کے امیدوار میر اصغررند نے الیکشن نتائج اور حاجی اکبر آسکانی کی کامیابی کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اپیل دائرکردی تھی۔
جس پر الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت کی، اس دوران الیکشن کمیشن نے دونوں فریقین کے وکلاء سے دلائل سننے کے بعد نادرا سے اس حلقہ میں کاسٹ شدہ ووٹوں کی تصدیق کیلئے فنگر پرنٹ کی تصدیق کرائی گئی، نادرانے مبینہ طورپر5ہزار ووٹوں کی ویری فکیشن نہ کرتے ہوئے انہیں بوگس قرار دیاتھا، بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس الیکشن ٹریبونل کو بھیج دی، الیکشن ٹریبونل میں حاجی اکبر آسکانی کے وکیل نے درخواست دی کہ اس کیس کی ازسرنو سماعت کی جائے۔
جبکہ میر اصغررندکے وکیل نے اس کی مخالفت کردی، الیکشن ٹریبونل نے ابتدائی سماعت کے بعد اس درخواست پرفیصلہ محفوظ کردیا، بدھ کے روز الیکشن ٹریبونل کے جسٹس نزیر احمد لانگو نے فیصلہ سناتے ہوئے حاجی اکبر آسکانی کے وکیل کی درخواست کومستردکرتے ہوئے فائنل دلائل کیلئے28اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی،واضح رہے کہ نادرا اس حلقہ میں 5ہزار سے زائد ووٹوں کوپہلے ہی بوگس قرار دے چکی ہے۔