کوئٹہ: گورنر سیکرٹریٹ بلوچستان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال کے بطور وی سی جامعہ بلوچستان اپنے عہدے سے دستبرداری کانوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر ڈاکٹرجاوید اقبال کی جانب سے گورنر/چانسلر جامعہ بلوچستان جسٹس(ر) امان اللہ یاسین زئی کو درخواست کی گئی تھی کہ وہ معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک اپنے عہدے سے دستبردار ہونا چاہتے ہیں۔
جس پر پروفیسر کی دستبرداری کی درخواست قبول کرلی گئی۔نوٹیفکیشن میں کہاگیاہے کہ پروفیسر جاوید اقبال ایف آئی اے کی جانب سے جامعہ بلوچستان میں طلباء کو ہراس کرنے اور ویڈیو اسکینڈل سے متعلق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے تک اپنے عہدے سے دستبر دار رہیں گے، جبکہ ان کی دستبرداری کے بعد پروفیسر محمد انور پانیزئی کو قائم مقام وائس چانسلر جامعہ بلوچستان تعینات کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پروفیسر جاوید اقبال نے اپنے عہدے سے دستبرداری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں ہراسگی کیس کی تحقیقات شفاف انداز میں ہوں۔ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور عدالت کا جو بھی فیصلہ آئے گا اسے قبول کریں گے۔