|

وقتِ اشاعت :   October 22 – 2019

حب: وزیراعلیٰ بلوچستان نے صنعتی شہر حب میں ایسٹرن بائی پاس منصوبے کی منظوری دے دی، 148.700 ملین لاگت کے منصوبے سے صنعتی شہر میں ٹریفک کا مسئلہ حل ہونے کیساتھ انڈس ٹریل زون کی ٹریفک کو متبادل روٹ میسر ہو گا ایکسئن سی اینڈ ڈبلیو لسبیلہ بہرام گچکی کی بریفنگ۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کا صنعتی شہر حب منرل مائننگ سیکٹر کے علاوہ انڈسٹریل زون کی حیثیت سے صنعتی ترقی کی علامت بن چکا ہے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے لسبیلہ کے دیگر علاقوں کی طرح انڈسٹریل زون حب کی ترقی کیلئے متعدد منصوبوں کی منظوری دی ہے جن میں ایسٹرن بائی پاس کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

ایکسئن سی اینڈ ڈبلیو لسبیلہ بہرام گچکی نے بریفنگ میں بتایا کہ حکومت بلوچستان نے ترجیحی بنیادوں پر آرسی ڈی ہائیوے N25 سے صنعتی شہر حب کو ساکران سے لنک کرنے کیلئے منصوبے کی منظوری دی ہے اور منصوبے پر عملدرآمد کیلئے ورک آرڈر بھی جاری کئے جاچکے ہیں تعمیراتی کام کا آغاز جلد ہوگا۔

انھوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے 148.700 ملین کی لاگت سے اس اہم منصوبے کی منظوری دی ہے اور رواں مالی سال کے دوران پراجیکٹ پر عملدرآمد کیلئے 50.000 ملین فنڈذ ریلیز کردیے ہیں اس پراجیکٹ کی بدولت صنعتی شہر حب میں انڈسٹریل زون کی ٹریفک کو متبادل روٹ میسر ہوگا واضح رہے انڈسٹریل زون کی ٹریفک کیلئے متبادل روٹ کا قیام صنعتکاروں کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے موجودہ حکو مت کے دور میں اس منصوبے کی منظوری یقیناً وزیر اعلی جام کمال کی لسبیلہ کی صنعتی وشہری ترقی کے اس وڑن کا حصہ ہے جسکا وعدہ وہ انتخابی مہم کے دوران حلقے کے لوگوں سے کرچکے ہیں۔