خضدار: اسلام آباد آذادی مارچ کے سلسلے میں خضدار میں آل پارٹیز ایکشن کمیٹی ضلع خضدار کے اکثریتی جماعتوں کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سرپرست و سابق رکن قومی اسمبلی مولانا قمرالدین منعقد ہوا۔اجلاس کے بعد جمعیت علمائے اسلام ضلع خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ آج ہونے والے اجلاس میں شریک تمام جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے۔
کہ وہ متحدہ اپوزیشن بن کر اسلام آباد آذادی مارچ میں شرکت کریں گے،موجودہ حکومت کا جانا ناگزیر بن چکا ہے اور اس حوالے سے تمام اپوزیشن جماعتوں میں کوئی دو رائے نہیں ہوسکتی ہے۔ اس سلسلے میں آج بروز بدھ23اکتوبر کو ایک اہم پریس کانفرنس کرکے ضلع خضدار کی تمام بڑی سیاسی جماعتیں اسلام آباد آذادی مارچ کے حوالے سے مشترکہ ایک اعلامیہ سامنے لائیں گی۔
آل پارٹیز ایکشن کمیٹی میں شامل اکثریتی جماعتوں کا اجلاس آج بروز منگل کو یہاں مرکز اسلامی خضدار میں زیر صدرات جے یوآئی کے مرکزی سرپرست و سابق رکن قومی اسمبلی مولانا قمرالدین منعقد ہوا۔
اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام ضلع خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی،جے یوآئی بلوچستان کے نائب امیر مولانا محمد صدیق مینگل، جے یوآئی خضدار کے نائب مفتی عبدالقادر شاہوانی جے یوآئی خضدار تحصیل کے امیر مولانا محمد اسحاق شاہوانی،ضلعی معاون فنانس مولانا محمد ابراہیم شیخ، جے ٹی آئی بلوچستان کے معاون کنوینر حافظ جمیل احمد ابرار، نیشنل پارٹی ضلع خضدار کے صدر عبدالحمیدبلوچ جنرل سیکریٹر میر اشرف علی مینگل،مسلم لیگ (ن) ضلع خضدار کے صدر میر عبدالرحمان زہری،عید محمد ایڈوکیٹ،میر جمعہ خان شکرانی، میر عبدالوہاب زہری، چیئرمین عبدالحی زہری،محمد یاسین جتک، پیپلز پارٹی ضلع خضدار کے قائمقام صدرسجاد زیب بلوچ، عبدالقدیر زنگی، عبدالحمید غلامانی، بلوچستان ڈیمو کریٹک پارٹی ضلع خضدار کے آرگنائزر عبدالستار رہبر و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس اسلام آباد آذادی مارچ کے سلسلے میں بلا یا گیا تھا اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے عہدیدار اور نمائندوں نے آذادی مارچ میں شرکت کرنے کے طریقہ کار اور حکمت عملی کے بارے میں غور وخوض اوراس بارے میں ایک دوسرے کے ساتھ مشاورت کیا۔
اجلاس کے بعد جے یوآئی خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ آج آل پارٹیز ایکشن کمیٹی میں شامل جماعتو ں کا اجلاس ہوا ہے شریک تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ اس حکومت کے خلاف آذادی مارچ اور حکومت سے چھٹکارا ناگزیر ہے تمام اپوزیشن جماعتیں ہر صورت میں آذادی مارچ میں شرکت کریں گی تاکہ جتنی بھی جلدی ہوسکے اس حکومت سے قوم کو نجات مل سکے۔
انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں مشترکہ جماعتیں آج 23اکتوبر کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گی۔ اجلاس سے جے یوآئی کے مرکزی رہنماء سابق رکن قومی اسمبلی مولانا قمرالدین، مسلم لیگ (ن) خضدار کے صدر میر عبدالرحمان زہری، نیشنل پارٹی ضلع خضدار کے صدر عبدالحمید بلوچ، پیپلز پارٹی ضلع خضدار کے قائمقام صدر سجاد زیب بلوچ، بلوچستان نیشنل ڈیموکریٹک ضلع خضدار کے آرگنائزر عبدالستار رہبر و دیگر پارٹی نمائندوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام نے اسلام آباد آذادی مارچ کا اعلان کرکے جس مفاہمانہ اور سیاسی بصیر ت کے اندازمیں دیگر جماعتوں کو اپنے ساتھ اس مارچ کے لئے شامل کرلی ہے۔
ان کی یہ خصوصیت حقیقی معنوں میں اپوزیشن اور قوم کی نمائندگی کا حق ادا کرنے کے متراف ہے، اس حکومت کے خلاف جتنی بھی جلدی ہوسکتی ہے قوم کو اٹھ کھڑا ہونا چاہیے، 27اکتوبر سے یوم آذادی مارچ کے لئے پوری قوم ایک صف میں کھڑی ہے اور بھر پور انداز میں قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک میں حقیقی جمہوریت کے جدوجہد کا آغاز کردے گی،ملک اس وقت جس کشمکش اور گھمبیر صورتحال سے دوچار ہے اس سے قبل ایسا کبھی بھی دیکھنے میں نہیں آیا ہے۔
موجودہ حکومت اپنے مخالفین کو دیوار سے لگانے میں کوئی بھی کسر نہیں چھوڑ رکھی ہے اور اکثربڑی جماعتوں کی قیادت جیلوں میں بند ہے،اسی طرح قوم پر ٹیکسوں کی بھر مار لاگو کردیا گیا ہے،غربت اور بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہواہے، لوگ خطِ غربت سے بھی نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔
مہنگائی، بے روزگاری، معیشت کی زبوں حالی، روپے کی پستی یہ سب کچھ موجودہ حکومت کے تحفے ہیں اگر اس حکومت کو مذید چند ہفتے رہنے دیا گیا تو ملک کو دیوالیہ ہونے سے کوئی بھی نہیں بچا سکتا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس آذادی مارچ کے ذریعے حکومت کا فوری خاتمہ کرکے ملک میں از سرے نو انتخابات کا اعلان کیا جائے اس سلسلے میں تمام جماعتیں متحد و متفق ہیں اور وہ اس آذادی مارچ میں یکجھتی کے ساتھ بھر پور انداز میں شرکت کرنے و عزم مصم ارادے پر کاربند ہیں۔