|

وقتِ اشاعت :   October 27 – 2019

سبی: چیف سیکریٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر نے کہا ہے کہ سبی ہرنائی ریلوے ٹریک کی بحالی ریلوے کا مسئلہ نہیں بلکہ سیکورٹی کا مسئلہ تھا ایف سی کی تعیناتی کے احکامات دے دئے گئے ہیں بہت جلد ایف سی لیویز اور پولیس اہلکار تعینات کرکے سبی ہرنائی ریلوے ٹریک بحال کردیا جائے گا۔

بیوروکریٹس کی جانب سے سیاستدانوں کے ساتھ تعان نہ کرنے کی باتیں بے بنیاد ہیں بیوروکریٹس اورسیاستدان اکھٹے چلتے ہیں،پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی کام جاری ہیں بہت سے کام مکمل کئے جاچکے ہیں،ایجوکیشن میں حالیہ ہونے والی بھرتیوں میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی میں سمجھتا ہوں کہ پروسیجر میں کچھ غلطیاں ہوئی ہونگی آئندہ کیلئے ایک ایسا سسٹم لارہے ہیں کہ بھرتیاں میرٹ پر ہونگی ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ایک روزہ سبی دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل احمد، ڈپٹی کمشنر سید زاہد شاہ، ڈی آئی جی سبی ریجن کیپٹن ریٹائرڈ پرویز احمد، بریگیڈیئر اویس مجید، کرنل جواد احمد،ڈویژنل ڈائریکٹر ترقیات راجہ وقار الزماں کیانی،اسسٹنٹ کمشنر سبی منیر احمد سومرو، اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد جمعداد مندوخیل، ایکسیئن بی اینڈ آر بشیر احمد ناصر،ایکسیئن پبلک ہیلتھ نیاز احمد خواجہ خیل، ایکسیئن ایریگیشن اشوک کمار، ڈی ایچ ا و ڈاکٹر محمد اکبر سولنگی، چیف آفیسر سردار عظیم دہپال کے علاوہ دیگر ضلعی افیسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں چیف سیکریٹری بلوچستان نے سبی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا ویکٹوریا ہال سبی میں قائم عجائب گھر میں قدیمی نوادرات کا بھی معائنہ کیا اور ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال سبی کا بھی دورہ کرکے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا چیف سیکریٹری بلوچستان نے آفیسر کلب،سردار چاکر خان ڈومکی سپورٹس کمپلیکس، باب حبیب ڈبل روڈ، بیف سنٹر، سبزی منڈی، ایلیمنٹری کالج، ڈرائی گارڈن، کا بھی معائنہ کیا۔

بعد ازاں چیف سیکریٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بیوروکریٹس کی جانب سے سیاستدانوں کے ساتھ تعاون نہ کرنے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے بیوروکریٹس اور سیاستدان اکھٹے چل رہے ہیں بلوچستان میں آئیڈیل انوائرمنٹ ہے اور کوئی ایسی بات سوچنے میں بھی نہیں آتی کہ بیوروکریسی سیاستدانوں کے ساتھ تعاون نہیں کررہی بیوروکریٹس سیاستدانوں سے بھرپور تعان کیساتھ چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سبی ہرنائی ریلوے سیکشن کی بحالی میں ریلوے کا مسلہ نہیں بلکہ سیکورٹی کا مسلہ ہے اس سلسلے میں ایف سی بلوچستان سے بات ہو چکی ہے بہت جلد ایف سی کی موجودگی میں لیویز اور پولیس کے تعاون سے سبی ہرنائی ریلوے سیکشن بحال کردیا جائے گا سبی ہرنائی ریلوے سیکشن کی بحالی سے نہ صرف ہرنائی اور سبی کی عوام مستفید ہونگے بلکہ بلوچستان سمیت ملکی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے تحت کوئی کام رکا ہوا نہیں ہے بہت سارے کام مکمل کردئے گئے ہیں اور مزید کام بھی جاری ہیں پی ایس ڈی پی کی ہر دس سے پندرہ روز میں کارکردگی چیک کی جاتی ہے پی ایس ڈی پی کے فنڈز کو صحیح معنوں میں استعمال کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی میں پرانی اسکیمات بھی چل رہی ہیں اورکچھ نئی اسکیمات پر بھی کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹ فنڈ اگر صحیح معنوں میں استعمال کیا جائے اور اس میں کرپشن نہ ہو تو کام کا معیار بہتر ہوگا انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ کا سسٹم تیز کیا ہوا ہے میرے آفس میں مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر کام دیکھ رہا ہے انہوں نے کہا کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال سبی کے جنرل وارڈ سمیت دیگر شعبوں میں بہت جلد کام کرکے بہتری لائی جائے گی دو ماہ کے اندر ڈیلائسسز مشین بھی فراہم کردی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ناگزیر وجوہات کی بناء پر پچھلے سال ادویات کی سپلائی نہ ہوسکی لیکن اس سال ادویات کی ترسیل شروع کردی گئی ہے عنقریب ادویات کی کمی محسوس نہیں ہوگی انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن میں نان ٹیچنگ اسٹاف کی حالیہ بھرتیوں میں میرے خیال میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی پروسیجر میں غلطیاں ہوئی ہونگی لیکن کرپشن نہیں ہوئی آئندہ کیلئے ایسا سسٹم لائیں گے کہ جس میں سو فیصد میرٹ پر بھرتیاں ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ ضلع سبی دیگر اضلاع سے بہت ہی خوبصورت ہے یہ علاقہ گرین ہے اس میں مزید بہتری لائی جائے گی کمشنر سبی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر سبی بہت اچھے کام کئے ہیں بہت جلد آفیسر کلب میں جم کیلئے مختلف مشینیں بھی فراہم کردی جائیں گی قبل ازیں چیف سیکریٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر کو کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل احمد، ڈپٹی کمشنر سید زاہد شاہ، ایکسیئن بی اینڈ آر بشیر خان ناصر اور ڈویژنل ڈائریکٹر ترقیات راجہ وقار الزمان کیانی نے مختلف ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔