|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2019

ریاض: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کے قیام کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دارالحکومت ریاض میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان قائم دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں تعلقات کو مزید خوشگوار اور مستحکم بنانے کے لیے اقدامات پر غور کیا۔

دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ان مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان شراکت اور تعاون کے امکانات کو زیر بحث لایا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سیاست، معیشت، سیکورٹی، دفاع اور لیبر فورس کے شعبوں میں دو طرفہ خصوصی تعلقات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

ملاقات کے آخر میں وزیراعظم مودی اور ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودیہ اور بھارت کے درمیان مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کے لیے ایک ’اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل‘ کے قیام کے لیے معاہدے پر دستخط کیے۔

قبل ازیں مودی نے سعودی فرماں روا سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان بحیرہ ہند اور خلیج کے علاقوں میں آبی گذر گاہوں کے امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا تاکہ کہ دونوں ممالک کی قومی سلامتی اور مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 2 دن کے دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں دونوں ممالک کے درمیان توانائی، شہری ہوا بازی، طبی مصنوعات کا انتظام، سیکیورٹی تعاون اور دفاع سمیت دیگر چند شعبوں میں بھی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔