خضدار: بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام بلوچستان یونیورسٹی میں جنسی ہراسگی واقع کے خلاف خضدار پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین سے بی ایس او کے سینٹرل کمیٹی کے رکن حفیظ بلوچ،عصمت بلوچ، اشرف بلوچ،گہور خان بلوچ،نیاز بلوچ،پشتون اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنما میر اویس،بی ایس او کے سابق رہنما ء چیف رحمت بلوچ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی میں ویڈیو اسکینڈل واقع کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اس واقع سے بلوچستان میں آباد تما م اقوام کے عزت پر حملہ ہے۔
جبکہ دوسری جانب حکومت کی جانب سے اس شرم ناک واقع پر خاموشی تعجب خیز ہے مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ یونیورسٹی کا دل خراش واقع پر بی ایس او نے ایک سال قبل اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا لیکن ہمارے خدشات اور تحفظات پر کسی نے کان نہ دھرااور یہ شرمناک واقع رونما ہوا اس واقع سے نہ صرف بلوچ طالبات متا ثر ہوئیں بلکہ بلوچستان میں آباد تمام اقوام کی بچیاں متا اثر ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ بی ایس او اس شرمناک عمل میں ملوث نہ صرف ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتی ہے بلکہ انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ بھی کرتی ہے انہوں نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں اساتذہ طلبا کو نہ صرف تعلیم جیسی زیور سے آراستہ کرتے ہیں بلکہ انکی بہتر ذہنی نشو نما بھی کرتے ہیں لیکن حیرت کا مقام ہے۔
کہ اس واقع میں وہ اساتذہ،یونیورسٹی انتظامیہ اور عملہ ملوث ہیں جن کے اپنے بچے بھی اسی ادارے سے کسی نہ کسی طرح منسلک ہیں مقررین نے کہا کہ ماضی میں لوگ طالبات کی تعلیم کو معیوب سمجھتے تھے یا وہ اعلی تعلیمی اداروں میں اپنی بچیوں کو تعلیم دلانیسے کتراتے تھے پھر وہ وقت آیا کہ لوگ حصول تعلیم کو ناگزیر سمجھنے لگے مگر ایک سازش کے تحت صوبے میں خواتین کو تعلیم سے دور رکھنے کی ایک گہری سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیمی اداروں کے تقدس کو پامال ہونے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی مقررین نے بلوچستان کے تمام سیاسی جماعتوں،طلبا تنظیموں،سماجی شخصیات سے اپیل کی کہ وہ یونیورسٹی میں رونما ہونے والے ویڈیو اسکینڈل میں ملوث افراد کی گرفتاری تک خاموشی توڑ کر واقع میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے میں اپنا کردار اداکریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے معاملے کو دبانے کی کوشش کی تو بلوچ،پشتون،ہزارہ سمیت بلوچستان میں آباد تمام اقوا م اس مسئلے پر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے ہر طرح کی جد وجہد کرئینگے۔