خضدار: سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر مدنی صدیقی نے کہاہے کہ خضدار میں ایل پی جی گیس پلانٹ لگانے کا منصوبہ آئندہ چند ہفتوں میں شروع ہوگا،ابتداء میں دس پلانٹ لگیں گے، پورے خضدار ٹاؤن میں شہریوں کوپلانٹ سے پائپ لائن کے ذریعے گھروں تک گیس سپلائی کی جائے گی۔
پائپ لائن کے ذریعے ضلع خضدار تک گیس پہنچانا مشکل تھا اس لیئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایل پی جی ائیر مکس کے ذریعے خضدار کے عوام کو یہ سہولت دی جائے،یہ خضدار کے عوام کا حق بھی تھا اور ان کی بنیادی ضرورت اور دیرینہ خواہش بھی تھی، اس منصوبے کو حکومت تشکیل دی اور اس کے لئے رقم بھی مختص کی جو اب تکمیل ہونے کو ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز دورہ خضدار کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے جی ایم مدنی صدیقی کا مذید کہنا تھاکہ خضدار میں ایل پی جی گیس منصوبے کاآئندہ چند روزمیں ٹینڈراوپن ہونا ہے جس کے بعد فرم کے ذریعے اس پر کام شروع ہوگا اور کوشش کی جائے گی کہ مختصر عرصے میں اس منصوبے کو مکمل کیا جائے،فرسٹ فیز کے تحت خضدار میں دس پلانٹ لگائے جائیں گے جس کے لئے خضدار میں چار ایکڑ زمین بھی حاصل کرلی گئی ہے۔
یہ پورے ٹاؤن، گریژن، اور آس پاس کی آبادی کو دستیاب ہوگی حکومت کی کوشش ہے کہ یہ ایل پی جی گیس پلانٹ لگنے کا منصوبہ جلد مکمل ہو اور یہاں کے لوگوں کو گیس کی سہولت میسرآجائے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے جی ایم مدنی صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ خضدار کے عوام کے لئے خوشخبری بھی ہے کہ وہ ایک عرصہ سے گیس کی سہولت کی فراہمی کا مطالبہ کررہے تھے اور اب ان کی یہ دیرینہ خواہش و مطالبہ بہت جلد پوری ہورہی ہے انہوں نے کہاکہ ہمیں خوشی بھی ہوگی اور باعث اطمینان بھی ہوگا اور ہماری کوشش بھی ہوگی کہ خضدارکے عوام کے لئے اس منصوبے پر جلد کام مکمل ہواور شہری اس سے مستفید ہوسکیں۔