کوئٹہ: گیس پریشرمیں کمی اوربجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف سریاب کے رہائیشیوں کا احتجاج ٹائرجلا کر عوامی پمپ کے قریب سریاب روڈکوٹریفک کیلئے بلاک کردیا مظاہرے میں سینکڑوں کی تعدادمیں بچے،خواتین اوربزرگ شہری شریک تھے۔
شاہراہ کی بندش سے سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں مظاہرین نے گیس پریشرمیں کمی اوربجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف شدید نعرے بازی کی اس موقع پر مظاہرین نے موقف اختیار کیا کہ ہرسال سردی کے آغازکیساتھ ہی گیس پریشرکم ہوجاتی ہے گیس پریشر میں کمی اور متبادل انتظام نہ ہونے سے سردی کے باعث بچے اوربزرگ مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گیس پریشرمیں کمی سے متعلق حکام کی توجہ مبذوال کرانے کیلئے حکام بالا سے ملاقاتوں سمیت علاقے مکینوں نے مختلف فورمزپر یہ مسائل اجاگر کیا ہے تاہم کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ ہرسال کی طرح رواں برس بھی سردی کی آمدکیساتھ ہی گیس پریشرغائب ہے جس کی وجہ سے علاقہ کمینوں خصوصاً خواتین کو امور خانہ داری کی انجام دہی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے گیس پریشراس حد تک کم ہے کہ انڈاتک فرائی نہیں ہوتا۔
مظاہرین نے مزید کہا کہ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سلسلہ جاری ہے علاقے میں 12 سے 15 گھنٹوں کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس سے معمولات زندگی متاثر ہورہی ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ گیس پریشرمیں کمی اوربجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں بصورت دیگر احتجاج میں مزید شدت لائی جائیگی بعدازاں مظاہرین پرامن طورپرمنتشرہوگئے۔