|

وقتِ اشاعت :   November 10 – 2019

تربت :  نیشنل پارٹی کیچ کے ترجمان نے کہا کہ نااہل اور سلیکٹڈ اراکین صوبائی اسمبلی کو عوامی مفادات کے ترقیاتی اسکیموں کو ذاتی مفادات کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خصوصاً کیچ میں ایم پی اے فنڈز ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں جو کہ انتہائی افسوس ناک عمل ہے ایک طرف حکمران واٹس اپ اور ٹوئیٹر میں ترقی اور خوشحالی کا راگ الاپ رہے ہیں اور دوسری طرف ذاتی ہاؤسنگ اسکیم کے تحفظ اور ذاتی کاروبار کو وسعت دینے کے لیے اجتماعی ترقیاتی فنڈز یعنی ایم پی اے فنڈز کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں اربوں روپیہ کے عوامی ترقیاتی فنڈز بغیر ڈکار کے ہڑپ کرنے اور تربت ٹو پسنی روڑ میں کروڑوں روپے کی کرپشن کرنے والے آج بھی دونوں ہاتھوں سے عوام کے پیسوں کو لوٹ رہے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال روز بروز ابتر ہوتی جارہی ہے، یونیورسٹی اور تعلیم کے مسائل لوگ اپنی مدد آپ کے تحت حل کررہے ہیں۔

ہسپتالوں کی حالت فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے بگڑتی جارہی ہے جس کے خلاف لوگ عدالت جانے پر مجبورہوئے ہیں لیکن بدقسمتی سے سلیکٹڈ نمائندے مجرمانہ غفلت کا مرتکب ہو کر ذاتی و گروہی مفادات کے لئے قومی اور اجتماعی مفادات کو نقصان پہنچا کر عام آدمی کا استحصال کررہے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی ترقی پسند، لبرل جمہوری سیاسی جماعت ہے اور انقلابی بنیادوں پر ترقیاتی کاموں کی تاریخ رکھتی ہے خاص طور تعلیم اور ماڈل شہر کاری کے شعبہ میں جو ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں ان کو مخالفین بھی تسلیم کرنے پر مجبورہیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ترقی مخالف اور کرپٹ نمائندوں کو عوام کے فنڈز ہڑپ کرنے سے روکا جائے اور کیچ میں ایم پی اے فنڈز کو اجتماعی ترقیاتی کاموں پر خرچ کرنے کیلئے موثراورکڑی نگرانی کی جائے بصورت دیگر عوام کے ساتھ ملکر اس اہم ایشو پر سخت سے سخت احتجاج کا راستہ اپنایا جائے گا۔