|

وقتِ اشاعت :   November 10 – 2019

کوئٹہ:  نیو اتحاد یونین نانبائیان کے چیئرمین محمد نعیم خلجی نے آج سے تندور بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان ہر روز بذریعہ پریس کانفرنس کریں گے۔

کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ بلا جواز تندوروں پر چھاپے مار کر تندور والے کو پکڑ کر تھانے میں بند کررہی ہے اور بھاری جرمانے بھی وصول کئے جارہے ہیں متعدد مرتبہ ہم نے حکام بالا کی توجہ اس جانب مبذول کرائی تاہم کوئی شنوائی نہ ہونے پر ہم نے احتجاجاً اپنی دُکانیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے ہمیں جو ریٹ دیا تھا اس کے مطابق320 گرام پیڑے کی روٹی 20 روپے میں فروخت کررہے ہیں ضلعی انتظامیہ سے ہمارا یہ معاہدہ دو ماہ قبل ہوا تھا تاہم انتظامیہ اپنے قول پر قائم نہیں رہی اور اس کے بعد بلا جواز تندور والوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے اس دوران تندور والوں کے ساتھ انتظامیہ کی جانب سے نا مناسب رویہ اختیار کیا گیا جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے پہلے100 کلو گرام کی بوری42 سو روپے میں فروخت ہوتی تھی جو اب5600 روپے میں فروخت ہورہی ہے لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ تندور مالکان کو بلاوجہ تنگ کرنے کے بجائے ان کی مشاورت سے نیا ریٹ جاری کرے۔