|

وقتِ اشاعت :   November 12 – 2019

کوئٹہ: بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے وائس چیئرمین خالد بلوچ نے کہا ہے کہ چیئرمین بورڈ نے ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرکے ادارے میں موجود مخصوص گروہ کو شکست دی ہے۔بی ایس او ادارے میں ہونے والی اصلاحات میں چیئرمین بورڈ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے مشترکہ کوششوں سے بلوچستان بورڈ کو ایک مثالی ادارہ بنائیں گے۔

اپنے جاری بیان میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے وائس چیئرمین خالد بلوچ نے مزید کہا کہ چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اور سیکنڈری ایجوکیشن پروفیسر محمد یوسف بلوچ نے قلیل مدت میں ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرکے امتحانی نظام کو بہتر بنایا ہے ادارے میں میرٹ پر ہونے والے فیصلوں سے بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ امتحانات کے نتائج کا اعلان مقررہ مدت میں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ امتحانی پیپر کی چیکنگ کے دوران ہمیشہ طلباء تنظیموں، طلباء وطالبات کو شکایات رہی ہیں کہ پیپر مارکنگ درست نہ ہونے سے طلباء وطالبات کا مستقبل تاریک ہوتا رہاہے مگر موجودہ چیئرمین کی تعیناتی کے بعد مختلف امتحانات میں طلباء وطالبات نے ریکارڈ نمبرز لیکر اعلیٰ تعلیمی اداروں کار خ کیا ہے اور مستقبل میں ایک کار آمد شہری بن کر صوبے کی خدمت کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ بی ایس او چیئرمین بلوچستان بورڈ کی علم دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے ادارے میں ہونے والے اصلاحات پر انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وہ سازشی عناصر جو ذاتی مفادات کیلئے دن رات کی کوششوں سے بحال ہونے والے ادارے کی ساکھ کو متاثر کرنا چاہتے ہیں انہیں ناکام ہوگی۔