|

وقتِ اشاعت :   November 15 – 2019

تربت :  آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کیچ کے زیراہتمام محکمہ تعلیم کیچ میں نان ٹیچنگ اسٹاف کی بھرتیوں میں میرٹ کی خلاف ورزی کے خلاف جمعرات کے روزتربت چوک پر احتجاجی کیمپ قائم کیاگیا۔

احتجاجی کیمپ میں بی این پی مینگل کے رہنما سیدجان گچکی، نیشنل پارٹی کے رہنمامشکور انور اور انجمن تاجران کے صدر اسحاق روشن دشتی علامتی بھوک ہڑتال پربیٹھے، اس موقع پرآل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کے کنوینر خان محمدجان، ڈپٹی کنوینر خالد رضا، بی این پی عوامی کے مرکزی کمیٹی کے رکن خلیل تگرانی، ضلعی صدر ظریف زدگ، کمال لعل جان، پی این پی عوامی کے مرکزی کمیٹی کے رکن عبدالغفور کٹور، نیشنل پارٹی کے رہنما طارق بابل، فضل کریم، قادربخش بلوچ، گلزاردوست، جے یو آئی کے رہنما حافظ عبدالقدیرمینگل ودیگر سیاسی وسماجی شخصیات موجودتھے۔

اس موقع پر آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کیچ کے کنوینر خان محمدجان نے میڈیا کوبتایاکہ آل پارٹیزنے 3دن کیلئے علامتی احتجاجی کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ کیاہے اگر3دنوں کے اندر اندرمذکورہ غیرقانونی بھرتیوں کومنسوخ نہیں کیاگیا تو آئندہ احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم میں میرٹ کاجنازہ جس اندازمیں نکالا گیاہے یہ خود حکومت کیلئے بھی لمحہ فکریہ ہے، یہاں پر میرٹ قابلیت وباصلاحیت نوجوانوں کے درمیان نہیں بلکہ محکمہ تعلیم کے افسران کے درمیان میرٹ کامقابلہ رکھاگیاہے جس میں ایک جونیئر افیسر بازی لے گیاہے۔

ستم ظریفی کی انتہادیکھئے کہ بوائز مڈل اسکول میری میں مردکی جگہ عورت کو نائب قاصد بھرتی کیاگیاہے، جبکہ 4امیدواراس پورے پراسس کے دوران خلیجی ممالک میں تھے مگریہاں پریہ میرٹ پر آگئے ہیں ایسی ناانصافی، بدانتظامی معاشرے میں بے چینی کوجنم دیتی ہے جومعاشرتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ کاباعث بنتی ہے انہوں نے کہاکہ معذوروں کیلئے5فیصد کوٹہ مختص ہے مگریہاں پر اس کوٹہ کونظراندازکیاگیاہے۔

انہوں نے کہاکہ آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کیچ مذکورہ بھرتیوں کے منسوخ ہونے اورملوث عناصرکو سزادلانے تک اپنا احتجاج جاری رکھے گی، مختلف سیاسی وسماجی شخصیات نے احتجاجی کیمپ کادورہ کیا اور انہیں اپنی مکمل حمایت کایقین دلایا۔