تربت : آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کیچ کے زیراہتمام محکمہ تعلیم کیچ میں نان ٹیچنگ اسٹاف کی بھرتیوں میں مبینہ بے قاعدگیوں ومیرٹ کی پامالی کے خلاف احتجاجی کیمپ دوسرے روزبھی جاری رہا۔
دوسرے روز آل پارٹیز کے کنوینیر خان محمد جان، بی این پی عوامی ضلع کیچ کے صدر کامریڈ ظریف زدگ اور کیچ سول سوسائٹی کے نمائندے التازسخی علامتی بھوک ہڑتال پربیٹھے، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور سول سوسائٹی نمائندوں نے کیمپ کا دورہ کیا اور ان کے مطالبات کی حمایت کی۔
احتجاجی کیمپ میں موجود پاکستان نیشنل پارٹی عوامی صوبہ بلوچستان کے صدرمرادجان گچکی نے میڈیانمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے ضلع کیچ میں 155نان ٹیچنگ اسٹاف کی خلاف میرٹ بھرتیوں اورمحکمہ تعلیم کے افسران کی اقرباء پروری کی تحقیقات کیلئے ایک انکوائری کمیٹی قائم کرنے کی باتیں سامنے آرہی ہیں مگر جب تک ریکروٹمنٹ کمیٹی میں شامل ارکان کومعطل نہیں کیاجاتا تب تک کسی قسم کی انکوائری کاکوئی مثبت نتیجہ نکلنے کی امیدنہیں کی جاسکتی کیونکہ جب تک ریکروٹمنٹ کمیٹی اپنے عہدوں پر بیٹھے ہیں تو انکوائری کمیٹی یہاں آکر ان کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوگی تو حقائق تک کیسے پہنچ پائے گا۔
اس لئے ضروری ہے کہ فوری طورپر ریکروٹمنٹ کمیٹی کے تمام ممبران کو فوری طورپر اپنے عہدوں سے معطل کرکے غیرجانبدارانہ وشفاف انکوائری کویقینی بنایا جائے، انہوں نے کہاکہ موجودہ ڈی ای اوکیچ کئی سال قبل ڈی سی آفس میں غیرملکی شہری کو غیرقانونی پاسپورٹ کے اجراء کی وجہ سے نوکری سے نکالا جاچکاہے اب اسے محکمہ تعلیم میں غریب وقابل نوجوانوں کے معاشی قتل کالائسنس جاری کیاگیاہے۔
چند ماہ قبل انہوں نے 114اساتذہ کو نوکریوں سے نکالا ہے تاکہ ان کی خالی آسامیوں کو اسی طرح بندربانٹ کیاجاسکے، انہوں نے کہاکہ جو لوگ سزاکے حقدارہیں انہیں محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کااختیاردینا کہاں کاانصاف ہے انہوں نے کہاکہ یہ عجیب وغریب میرٹ ہے کہ جس میں ایک جونیئرافسر کے گھرکے تمام مردوخواتین میرٹ پراترتے ہیں۔
آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کیچ کے کنوینر خان محمدجان نے کہاکہ ہمارامطالبہ ہے کہ طاقتور ادارے جو دہشت گردی کے خلاف برسرپیکارہیں وہ اس معاشی دہشت گردی کابھی نوٹس لیں کیونکہ نوجوان ایسی حق تلفیوں وناانصافیوں کی وجہ سے مایوس ہوکر غلط راستوں پربھٹک جاتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم کے مذکورہ جونیئرافیسر کا رویہ شروع سے مشکوک رہاہے درخواستیں ان کے پاس جمع ہوئے ہیں جنہوں نے کئی قابل نوجوانوں کی درخواستیں تک چھپائی ہیں کہ آپ کے کاغذات جمع نہیں ہیں بالآخروہ اپنے گھرمیں میرٹ کرانے میں بازی لے گیاہے، ایسی میرٹ دنیامیں کہیں نہیں ہوتی کہ پوسٹ ایک ضلع کے ہوں اور میرٹ صرف ایک گھرسے ہو۔
انہوں نے کہاکہ مذکورہ جونیئر افسر کس قاعدہ اور قانون کے تحت گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کلگ کے ہیڈمسٹریس کے اضافی چارج لیکر براجمان ہیں، اس موقع پر ڈپٹی کنوینر خالد رضا، نیشنل پارٹی ضلع کیچ کے صدر محمد جان دشتی،طارق بابل، قادربخش بلوچ، گلزاردوست، پی این پی عوامی کے مرکزی کمیٹی کے رکن عبدالغفور بھٹو، کامریڈ امام بخش، محمد عصاء ساجدی، دارجان بزنجو، بی این پی عوامی کے بابل ابراہیم ودیگر موجودتھے۔