|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2019

کوئٹہ:  بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ آباؤ اجداد سے وطن کے محافظ رہے ہیں،اپنے سرزمین کے چپہ چپہ کا دفاع کرینگے۔صوبے کے مختلف اضلاع میں بزور طاقت جدی پشتی اراضی پر قبضہ کرنے والوں کا راستہ عوامی طاقت سے روکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز سراوان ہاؤس کوئٹہ میں قبائلی عمائدین پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وفد میں حاجی محمد یوسف خان کاکڑ،ملک عبدالقیوم شاہوانی،مفتی رحمت اللہ، پروفیسر محمد حنیف بازئی اور حضرت افغان شامل تھے۔

اس موقع نوابزادہ میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ منظم سازش کے تحت نصیر آباد، کوئٹہ،گوادر سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع میں مقامی قبائل اور افراد کو بزور طاقت ان کی جدی پشتی اراضی سے بیدخل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی طاقت سے ان سازشوں کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانی کے بدلے صوبے کے قومی مفادات ساحل وسائل کو سودا کرنے والی سلیکٹڈ حکومت اب صدیوں سے آباد مقامی افراد سے ان کی مورثی اور جدی پشتی اراضیات چھین کر بلوچستان کو ایک سازش کے تحت خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کررہی ہے جسے باہمی اتحاد واتفاق سے ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پہاڑ اور جڑی بوٹیاں اور سرزمین کا چپہ چپہ ہمارے لیے مقدس ہے ہم اپنی زمین، روایات اور ننگ و ناموس کا بھرپور دفاع کریں گے ہم نے صدیوں پہلے بھی اس کا دفاع کیا ہے اوراب بھی کریں گے۔

اس موقع پر قبائلی عمائدین نے کہا کہ کوئٹہ کے مقامی قبائل اپنے جدی پشتی اراضی پرقبضے کی کوششوں کیخلاف بی این پی کے پلیٹ فارم سے ہونے والے ہر اقدام اور احتجاج میں شانہ بشانہ ہونگے۔