کوئٹہ : ٹیم بلوچستان ایجوکیشن سسٹم نے نئے تعلیمی آفیسران کے نام میڈیا کے ذریعے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح آپ سب سینیئر انصاف کے منتظر تھے اسی طرح بلوچستان کا تباہ حال تعلیمی نظام ایک زمانے سے انصاف کی راہیں دیکھ رہ تھا۔
عدالت عالیہ کے حالیہ احکامات کے بعد آپ سب کو وہ مقام مل گیا جس کے آگے سیاسی اشرافیہ بند باندھے کھڑی تھی۔ ہم آپ سب کو انصاف کی اس گھڑی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں مگر اس مبارکباد کے حقیقی حقدار آپ تب ہوں گے جب آپ اپنے منصب اور اختیارات کو تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے وقف کریں گے۔
ٹیم نے کہا کہ موجودہ زمہ داران کے علم میں ہے کہ ماضی میں سیاسی بنیادوں پر جونیئرز کو انہی منصب پر بٹھایا گیا ان سے سیاسی مقاصد حاصل کیے گئے۔ میرٹ کی پامالی کی گئی۔ تعلیم کی مد میں آنے والی بجٹ کو ذاتی مفادات کے حصول کیلیے استعمال میں لایا گیا اور تعلیمی نظام کی تباہ حالی کا سامان تیار کیا گیا۔ مگر حالیہ عدالتی احکامات کے بعد آپ سب سیاسی قید و بند سے آزاد ہو گئے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ تعلیمی آفیسران ایک نئے عزم کے ساتھ اور سیاسی قید و بند سے آزاد ہو کر محکمہ تعلیم کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔ اس کے لیے نہ صرف بند سکولوں کو کھولنے بلکہ اساتذہ کی حاضری کو 100 فیصد یقینی بنانے، غیر حاضر اساتذہ کو فراغت نامہ جاری کرنے، بجٹ کو سکولوں پر خرچ کرنے، اٹیچمنٹس کا خاتمہ، لوکل ایجوکیشن کونسل اور آر ٹی ایس ایم سیز کی مکمل فعالیت، مانیٹرنگ کا شفاف نظام اور سیاسی محاز سے آزادی ہو کر مشن پر کاربند رہیں گے۔ تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے آفیسران جہاں جہاں نیک قدم اٹھائیں گے وہاں وہاں ٹیم بلوچستان ایجوکیشن سسٹم کو اپنے ساتھ پائیں گے۔