|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2019

کوئٹہ: ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹرشاکربلوچ نے کہا ہے کہ نومولود بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگاکرپولیو،ٹی بی اورگردن توڑ بخار سمیت دیگر پانچ بیماریوں سے بچایاجاسکتا ہے،بلوچستان میں تمام سینٹرفعال ہیں،بچوں کی ویکسی نیشن کیلئے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے گاوی لائنس کے زیراہتمام بچوں کوحفاظتی ٹیکہ جات کی ویکسی نیشن سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تفصیلات کے مطابق غیرسرکاری تنظیم گاوی لائنس کے منیجنگ ڈائریکٹر تاباتی مافوسا نے کنٹری منیجر ڈاکٹر حامد رضا ستیاش،فیڈرل ای پی آئی کے پروگرام منیجرارشد چانڈیو، ہما خاور ودیگر کے ہمراہ کوئٹہ میں قائم میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر کادورہ کیا۔

اس موقع پرانہیں حفاظتی ٹیکہ جات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی صحت عامہ بلوچستان ڈاکٹرشاکربلوچ،ایمرجنسی آپریشن سینٹربلوچستان کے کوارڈی نیٹرراشد رزاق،ڈاکٹر آفتاب کاکڑاورصوبائی پروگرام منیجرای پی آئی ڈاکٹر اسحاق پانیزئی نے کہا کہ بلوچستان میں ویکسین کے تمام مراکزفعال ہیں اور بچوں کو پولیو،ٹی بی،گردن توڑ بخار،کالی کانسی اورنمونیہ سمیت دیگر پانچ امراض سے بچانے کیلئے ویکسی نیشن ضروری ہے اس ضمن میں مزیداقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی ویکسین کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں، اس موقع پرگا وی لائنس کے منیجنگ ڈائریکٹر تاباتی مافوسا کا کہنا تھا حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کا مقصد پاکستان میں عوام کوبنیادی صحت کی سہولت فراہم کرنا ہے، حاض طور پرنومولود بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی ویکسین لگانے سے انہیں پانچ خطرناک بیماریوں سے بچایاجاسکتا ہے،انہوں نے کہا کہ اس مقصدکے حصول کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا کردار بھی اہم ہے۔