کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کاسلسلہ شروع ہوگیا، با رشوں کے پیش نظر محکمہ پی ڈی ایم اے کو الرٹ رہنے کی ہدایت تفصیلات کے مطابق وادی کوئٹہ اور گردو نواح میں مطلع مکمل طور پر ابرآلود،شہر میں کالے سیاہ بادلوں کا راج ہے اور ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہوگیا۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں قلات، مستونگ،نوکنڈی سمیت زیارت،کان مہترزئی،قلعہ عبداللہ،پشین،خانوزئی میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیاجبکہ مکران ڈویژن کے علاقوں میں شدید بارش، ندی نالیوں میں طغیانی آگئی، شمالی علاقوں میں بارش سے سردی کے شدت میں اضافہ ہوگیا، قلات شہر و گردونواح کے علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ جوکہ وقفے وقفے سے جاری رہی۔بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا۔
گیس پریشر کی مکمل بندش کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، نوکنڈی اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا سوختنی لکڑی کی مانگ میں اضافے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تربت سمیت تمپ، مند اور دشت میں شدید بارش، ندی نالیوں میں طغیانی آگئی، موسم خوشگوار ہوگیا۔کافی عرصے کے بعد تربت سمیت جمعرات کو تمپ اور مند کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیں، بارشوں کے سبب مقامی ندیوں میں طغیانی کی کیفیت پیدا ہوئی جبکہ کیچ کور میں بھی رات گئے تک کچھ پانی جمع ہوگیا تھا۔ادھر دشت سے بھی اطلاع ہیں کہ مختلف مقامات پر بارشیں ہوئی ہیں۔
علاوہ ازیں ماشکیل سمیت سرحدی علاقوں میں بھی بارش ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیا اللہ لانگو کا بارشوں کے پیش نظر محکمہ پی ڈی ایم اے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں تمام علاقوں میں ریلیف پہنچانیاور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے۔