|

وقتِ اشاعت :   November 24 – 2019

خضدار: وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی آغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ علم ایک انمول نعمت ہے اور تعلیم دینے والے اساتذہ سرمائیہ اور ہمارے فخر ہیں،اساتذہ ہماری نوجوان نسل کو زیورِ تعلیم سے آراستہ اور ہمارے مستقبل کو علم کی نورسے منورکررہے ہیں اس خدمت پر اساتذہ کاہماری قوم پر احسانِ عظیم ہے۔

گورنمنٹ بوائز ہائیرسیکنڈری اسکول کھٹان خضدار،اس صوبے کا سب سے زیادہ معیاری اور اعلیٰ تعلیمی ادارہے، اس ادارے کی کارکردگی کی گواہی عدالت عالیہ تک پہنچی اور پورے بلوچستان نے اسے تسلیم کرلیا، توقع ہے کہ دیگر سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی ادارے بھی اسی طرح کا نام کما کر اپنی کارکردگی کو عروجِ بام دیں گے، یہ کار کردگی خضدار کے اس گورنمنٹ تعلیمی ادارے کے سربراہ اور اساتذہ کے مرہون منت ہے۔ ان خیالات کا اظہار کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کھٹان خضدار کی سالانہ اختتامی تقریب سے خطاب کرب کرتے ہوئے کیا۔

اس سے قبل تقریب میں مختلف معزز مہمان سیاسی رہنماء نیشنل پارٹی ضلع خضدار کے صدر عبدالحمید بلوچ، وڈیرہ محمد صالح جاموٹ،بی اے پی کے رہنماؤں سردار عزیز محمد عمرانی،ماسٹر عبدالخالق غلامانی، بشیراحمد جتک، جی ٹی اے ضلع خضدار کے صدر سلیم اللہ مینگل،میر عبدالحمید نتھوانی و دیگر نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران طلباء نے تقاریر کیئے، ملی نغمے، ٹیبلو، خاکے پیش کیئے، حمد و نعت خوانی کی اور شرکائے تقریب سے داد وصول کی۔

تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خضدار منیراحمد ساسولی،پرنسپل گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کھٹان خضداررئیس علی احمد بلوچ،عادل علی خدرانی ودیگر نے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی آغا شکیل احمددرانی کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج ہم جو کچھ بھی ہیں اورہمیں جو عزت اور نعمت ملی ہے تو یہ ہمارے اساتذہ اور والدین کی بدولت ملی ہے۔ آج کی محنت جستجو اور کوششیں ہی آنے والے مستقبل میں کام آسکتے ہیں۔

میں زیر تعلیم بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہوں گا کہ آگے کل کو انہیں اس ملک پاکستان اور اس صوبہ بلوچستان کا معمار بننا ہوگا وہی اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوسکیں گے تو چاہیے یہ کہ زیر تعلیم طلباء اپنی ساری توجہ علم کے حصول پر مرکوز کریں اساتذہ کو احترام دیں والدین کی قدر کریں یہ وہ تربیت ہوگی جوآپ کے مستقبل کو سنواردے گی اور آپ کو اعلیٰ مقام تک پہنچائے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی آغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ میری کوشش ہے کہ تعلیم کو یہاں مذید ترقی دوں،معیار اور میرٹ کو ہر لحاظ سے اوّلین ترجیح دوں جس کے لئے میں مسلسل کوشش اور جدوجہد کررہاہوں، انشاء اللہ ہم اور آپ سب مل کر اس نیک مقصد کے لئے آگے بڑھیں گے اور ضلع خضدار سے ناخواندگی کے خاتمہ کے لئے اپنا کردار نبھائیں گے۔ آغا شکیل احمددرانی نے اپنی جانب سے گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کھٹان کے لئے 50ہزار روپے دینے کا اعلان بھی کردیا۔