|

وقتِ اشاعت :   November 27 – 2019

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی رکن صوبائی اسمبلی احمد نواز بلوچ نے کہا ہے کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے قومی شاہراہوں کودورویہ کرناوقت کی ضرورت ہے۔

ایرانی تیل کی سپلائی پر پابندی عائدکرنے سے بیروزگاری میں مزیداضافہ ہوگا،حکومت نوجوانوں کوروزگارکے مواقع فراہم کرے،اسمبلی فلورپرمسئلہ اجاگرکے جمہوری اندازمیں بیروزگارنوجوانوں کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کے روز”بیروزگارایسوسی ایشن“کے زیراہتمام سوراب،گدر،قلات اورمستونگ سمیت بلوچستان کے دیگراضلاع سے ایرانی تیل کی سپلائی سپرپابندی عائد کرنے کیخلاف لانگ مارچ کے شرکاء سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پربلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی لیبرسیکریٹری منظوربلوچ ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بیروزگاری کی وجہ سے تعلیم یافتہ نوجوان اپنی جان ہتھیلی پررکھ کر قومی شاہراہوں پردن رات سفرکرتے ہیں تاکہ وہ اپنے خاندان کی کفالت کرسکیں،انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں پرحادثات معمول کاحصہ ہیں تاہم اس کوجوازبناکرایرانی تیل کی سپلائی پرپابندی عائدکرناسینکڑوں گھرانوں کونان شبینہ کامحتاج بنانے کے مترادف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے بیروزگاری اوربڑھتی مہنگائی کے پیش نظرنوجوانوں کوروزگارکے مواقع فراہم کرے مگرحکومت منصوبہ بندی کرنے کی بجائے لوگوں کاروزگارچھین رہی ہے جوکہ ناانصافی کے مترادف ہے،انہوں نے کہاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی سراپااحتجاج نوجوانوں کیساتھ ہے اورلانگ مارچ کی مکمل حمایت کرتے ہیں،اس مسئلے پربلوچستان اسمبلی میں بھی بھرپوراندازمیں آوازاٹھائیں گے۔

انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ حل کرنے کیلئے عملی طورپراقدامات اٹھائے بصورت دیگر بلوچستان نیشنل پارٹی جمہوری اندازمیں احتجاج کرنے والے نوجوانوں کابھرپورساتھ دے گی۔اس موقع پر لانگ مارچ کے شرکاء نے بی این پی کے رہنماؤں کاشکریہ اداکیا۔