خضدار : خضدار گورنر بلوچستان وچانسلر جسٹس (ر) امان اللہ خان یاسین زئی نے کہاہے کہ تعلیم قوموں کی زینت و پہچان ہوتی ہے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم تعلیم کو اپنی ترجیحات میں شامل کرکے نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کردیں،ترقی کے زینے چڑھنے کے لئے ہمیں من حیث القوم تعلیم ہی کو مقدم رکھ کر آگے بڑھنا ہوگا، حکومت اعلیٰ جامعات کی تعمیر و ترقی کے لئے سنجیدگی سے کوششیں کررہی ہیں، تاکہ ہمارے بچے لکھ پڑھ کر علم کے ہرشعبے میں مہارت حاصل کرسکیں۔
خضدارانجینئرنگ یونیورسٹی ایک اعلیٰ تعلیمی باب ہے اور اس ادارے سے میراایک طویل عرصہ سے علمی لگاؤ ہے۔ سی پیک جس کی ابتداء اور مرکز بلوچستان ہے، مستقبل و قریب میں اس منصوبے سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورا ملک ترقی کریگا، سی پیک پراجیکٹ کے حوالے سے بھی انجینئرنگ یونیورسٹی خضدار بڑی اہمیت کا حامل ہے اوریہ ادارہ ماہر انجینئرز کی بڑی کھیپ تیار کرکے سی پیک منصوبے میں اعلیٰ مہارت سے لیس افرادکی کمی کو پورا کریگا،۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب سے بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اللہ خان کاکڑ، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ورکس انجینئر حامد طارق، اسسٹنٹ پروفیسر حاجرہ مسرور، مولانا گل محمد ودیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر رکن بلوچستان اسمبلی میر محمد اکبر مینگل، ڈی آئی جی خضدار رینج آغا محمد یوسف، ڈپٹی کمشنر خضدار میجر(ر) محمد الیاس کبزئی، سردار محمد حیات خان ساجدی، میر ظفراللہ خان ساسولی،سوشل ایکٹوسٹ ہماء رئیسانی، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اللہ شاہ،رجسٹر ار ڈاکٹر جلال شاہ، لوکل گورنمنٹ آفیسر عبدالقیوم عمرانی، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن انجینئر رضاء زہری، ڈاکٹر سہراب بزنجو، ڈاکٹر لیاقت لہڑی، حاجی رحمت اللہ زہری سمیت دیگر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔
اس سے قبل گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ خان یاسین زئی جب ایئر پورٹ پر پہنچے تو ایم پی اے میر محمد اکبر مینگل،ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی، وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اللہ خان کاکڑ، لوکل گورنمنٹ آفیسر عبدالقیوم عمرانی، ایس ایس پی خضدار گل سعید خان آفریدی نے ان کا استقبال کیا۔ اور انہیں خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی لایا گیا، اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کیئے گئے تھے۔
خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی میں گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی نے بیچلر ہاسٹل کا افتتاح کیا، انجینئرنگ یونیورسٹی میں انجینئرز اور طلباء کی جانب سے تخلیق کردہ ٹیکنیکل اشیاء کا معائنہ کیا اور بریفنگ لی۔ انجینئرمختیار حلیمی نے گورنر بلوچستان کو فیول فری اور سولر کے ذریعے چلنے والی جیپ گاڑی کے بارے میں بریفنگ دی، جو کہ انہوں نے تیار کیا تھا۔ بعد ازاں گورنر بلوچستان خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی آڈیٹوریم میں منعقد ہ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔
جہاں ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ورکس انجینئر حامد طارق نے انہیں یونیورسٹی میں ہونے والے چند سالوں کے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیل کے ساتھ بریفنگ دی۔تقریب کے دوران گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی نے طلباء میں لیپ ٹاپ اور اسکالر شپ تقسیم کیئے۔
تقریب کے اختتام پر گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی کا کہنا تھا کہ یہ خوش آئندہ امر ہے کہ خضدار میں انجینئریونیورسٹی جیسا اعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے اور اس سے بڑی تعداد میں نوجوان نسل تیکنیکی علم حاصل کرکے اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔ خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی ایک طویل عرصے سے یہ خدامات مہیا کررہی ہے اور وہ اعلیٰ فنی تعلیم کے حوالے سے علمی درسگاہ بن کر ابھر چکی ہے۔
آنے والے دنوں میں یہ جامعہ مذید ترقی کریگا، سی پیک جو کہ اہم منصوبہ ہے اس کے لئے جو انجینئرز و ماہرین کی ضرورت ہوگی اس کمی کو بھی خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کافی حد تک پوری کریگی۔ بلوچستان میں جامعات کو مذید وسعت دی جارہی ہے، پہلے بچوں کو صوبائی دارالحکومت تک پڑھنے کے لئے جانا پڑتا تھا تاہم اب انہیں یہ تعلیم کی سہولت ان کے اپنے ہی ضلع میں مل رہی ہے جو کہ علمی مسائل کو کم کرنے میں اہم پیش رفت شمار کیئے جاتے ہیں۔
گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی کا کہنا تھاکہ وزیراعظم پاکستان نے گرین پاکستان جو پروگرام شروع کررکھے ہیں اس پر بلوچستان میں بھی عمل درآمد کیا جائیگا تاکہ ہمارے ہاں سرسبز اورہریالی ہو، ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ کیا جاسکے۔