|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2019

کوئٹہ: شہزادہ ذوالفقار پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوگئے جبکہ ناصر زیدی بڑی اکثریت سے سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی بی ڈی ایم کا تین روزہ اجلاس بوائز اسکاؤٹس ہیڈ کوارٹر کراچی میں ہوا جس میں ملک بھر سے 300کے قریب مندوبین بلوچستان یونین آف جرنلسٹ کے صدر اور جنرل سیکرٹری سمیت سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے مختلف سیشن میں ملک میں میڈیا کو درپیش مشکلات صحافیوں کو معاشی مشکلات ملازمتوں سے نکالے جانے سمیت مختلف امور پر سیر حاصل بحث کی گئی جبکہ اس دوران متعدد قرار دادیں بھی متفقہ رائے سے منظورکر لی گئیں اجلاس کے آخری روز ڈاکٹر توصیف احمد چیئرمین الیکشن کمیٹی کی نگرانی میں پی ایف یو جے کے نئے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایاگیا۔

نتائج کے مطابق سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار بلا مقابلہ صدر منتخب ہوگئے جبکہ سیکرٹری جنرل کے عہدے پر سینئر صحافی ناصر زیدی اور فہیم صدیق کے درمیان مقابلہ ہوا ناصر زیدی 152ووٹ حاصل کر کے منتخب ہو گئے جبکہ ان کے مد مقابل فہیم صدیقی نے 15ووٹ حاصل کئے جبکہ سلیم شاہد،بخت زادہ یوسفزئی،لالہ اسد پٹھان اور رانا پرویز حمید نائب صدور منتخب ہو ئے، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل کے عہدے کیلئے حامد یٰسین، خالد کھوکھر، عیسیٰ ترین اور محمد شاہد چوہدری نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی خرانچی کے عہدے کیلئے ذوالفقار علی مہتو149ووٹ لیکر منتخب ہوئے،ان کے مد مقابل محمد نواز طاہر نے 22ووٹ حاصل کئے۔

فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کیلئے ایوب جان سربندی، ابراہیم خان، افضل بٹ، ناصر حسین، خورشید عباسی، لالہ رحمن سموں، مبارک زیب خان، عبدالرحمن خان، بنارس خان، جاوید صدیقی،مخدوم بلال عامر، جاوید اقبال، مہر اللہ عباسی،احسان الحق، شبیر مغل، عادل اکرم،ستار شاہ،امداد بزدار، محمدنور الدین، ظہیر شہزاد،سعید اختر،حبیب الرحمن، ظہیر خان لودھی، شفیق راجہ اور محمد اکرم ناصر منتخب ہوئے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بلوچستان کے سنیئر صحافی شہزادہ ذولفقار کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کا بلامقابلہ صدر منتخب ہو نے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے ایک تحنیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہزادہ ذوالفقار کی کامیابی بلوچستان کے صحافیوں کی کامیابی اور ان کے لئے باعث اعزاز ہے وزیراعلیٰ نے پی ایف یو جے کے نو منتخب صدر کی مزید کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ پورے ملک بلخصوص بلوچستان کے صحافیوں کی فلاح وبہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔