تربت : آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کیچ کا اجلاس الائنس کے کنوینر اور پی این پی عوامی کے رہنماء خان محمد جان کی صدارت میں پاکستان نیشنل پارٹی عوامی کے ضلعی دفتر میں منعقد ہوا، اجلاس میں کیچ کی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس نے تربت میں گھروں میں ڈکیتیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت ترین غم و غصہ کا اظہار کیا اور کہا کہ نہ صرف حکومت عوام کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے بلکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے شعوری طور پر عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔
اجلاس نے ڈپٹی کمشنر کیچ اور ڈی پی او کیچ کی انتظامی کارکردگی اور صلاحیتیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ان دونوں آفیسران کی موجودگی میں تربت میں امن و امان کبھی بھی بحال نہیں ہوسکتا کیونکہ ان کے رویوں سے لگتا ہے کہ امن و امان کی بحالی ان کے ایجنڈے اور دلچسپی کے امور میں سرے سے شامل نہیں ہے۔
اجلاس نے اس امر کا ادراک کیا کہ گھروں میں ڈکیتیوں کا تانہ بانہ شہر میں بے لگام انداز میں متحرک کالی شیشیوں والی گاڑیوں سے جڑتا ہے جنہیں نامعلوم (دراصل سب کو معلوم) مسلح افراد آپریٹ کرتے ہیں، اجلاس نے کیچ کے دونوں نااہل انتظامی سربراہان کی فوری تبادلہ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی محب وطن سیاسی جماعتیں اپنے غیور عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے نرغے میں دیکھ کر خاموش تماشائی کا کردار ہرگز ادا نہیں کریں گے بلکہ اپنے عوام کے شانہ بشانہ عوامی احتجاج منظم کرنے کی راہ اختیار کرے گی۔
دریں اثناء آل پارٹیز کے وفد نے کنونیر کی سربراہی میں کمشنر مکران سے ملاقات کرکے گھروں میں ڈکیتیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کی جانب ان کی توجہ مبذول کرائی اور ڈی سی و ڈی پی او کی ناقص کارکردگی پر اپنے تحفظات سے انہیں آگاہ کیا۔
وفد نے کمشنر مکران سے مطالبہ کیا کہ ریاست اور حکومت عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کے اپنے اولین ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے، وفد نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے سنجیدگی نہ دکھائی تو آل پارٹیز احتجاج کی جانب قدم بڑھائے گی۔
علاوہ ازیں آل پارٹیز کے وفد نے کنونیر کی سربراہی میں نیشنل پارٹی کے صدر و سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور پاکستان نیشنل پارٹی عوامی کے صدر و ممبر بلوچستان صوبائی اسمبلی سید احسان شاہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کرکے انہیں شہر کے بدامنی کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا اور ان سے گزارش کی کہ دونوں رہنماء آل پارٹیز کی رہنمائی اور مدد کرتے ہوئے اس معاملہ کو صوبائی اور ملکی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
دونوں رہنماؤں نے کیچ کی سیاسی جماعتوں کے اتحاد کو خوش آئند اور وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ صحت مندانہ سیاسی کلچر کے قیام کے لیئے ضروری ہے کہ یہاں کی سیاسی جماعتیں اس اتحاد کو آگے بڑھائیں،دونوں رہنماؤں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس سنگین معاملہ پر ہرگز غافل نہیں رہیں گے بلکہ وہ اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔