|

وقتِ اشاعت :   December 9 – 2019

خضدار: بلوچستان کے ضلع آواران سے اسلحہ وبارودی مواد برآمدگی کے جرم میں گرفتار کی گئی خواتین کو سینٹرل جیل خضدار سے رہا کردیاگیاہے۔

جیل ذرائع کے مطابق آواران سے اسلحہ وگولہ بارود برآمدگی کے الزام میں گرفتار کی جانے والی خواتین حمیدہ،نازل،سکینہ اور سیدہ کو گزشتہ روز رہا کردیاگیا ہے واضح رہے کہ اس سلسلے میں نہ صرف بلوچستان نیشنل پارٹی ودیگر کی جانب سے احتجاج کیا گیا تھا بلکہ اس معاملے کی بازگشت پارلیمنٹ میں بھی سنائی دی تھی۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراخترمینگل نے اس پر سخت ناگواری کااظہار کرتے ہوئے خواتین کی گرفتاری کو اسلامی اور قبائلی روایات سے متصادم قراردیاتھا بلکہ انہوں نے اس کے خلاف پارلیمنٹ میں اسپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاجی دھرنا بھی دیاتھا جس پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے خواتین کو رہاکرنے سے متعلق رولنگ دی تھی۔

گزشتہ روز مذکورہ خواتین کو خضدار جیل سے رہا کردیاگیاجس کی تصدیق نہ صرف خضدارجیل حکام نے کی بلکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراخترمینگل نے ٹویٹ کے ذریعے خواتین کی رہائی کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔