|

وقتِ اشاعت :   December 16 – 2019

خضدار: بلوچستان عوامی پارٹی میں قد آور سیاسی رہنماؤں کی شمولیت، نیشنل پارٹی ودیگر جماعتوں سے مستعفی ہو کر باقائد بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، اس موقع پر خضدار میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی آغا شکیل احمددرانی نے خطاب کرتے ہوئے شمولیت کرنے والے سیاسی رہنماؤں کو پارٹی میں خوش آمدیدی کہا اور ان کے اس فیصلے کو دانشمندانہ قرار دیدیا۔

آج یہاں آغا ہاؤس خضدار میں شمولیتی تقریب منعقد ہوئی جہاں فیرو زآباد سے نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء حاجی محمد مردوئی، ناصر، شبیراحمد نندوانی، محمد اسماعیل مردوئی، عبدالرزاق میراجی، یحیٰ ملازئی، محمد امین مردوئی، علی حسن باجوئی امیر بخش مردوئی، محمد ابراہیم مردوئی، نذیراحمد مردوئی محمدحیات مردوئی، ٹکری محمد عثمان نتھوانی، محبوب مردوئی قاری عبدالواحد مردوئی سمیت دیگر کثیر تعداد میں ان کے ساتھیوں نے بی اے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔

شمولیتی تقریب کے دوران بلوچستان عوامی پارٹی کے دیگر رہنماؤں سردار بلند خان غلامانی، سردار عزیز محمد مردوئی، بشیراحمد جتک، انجینئر محمد آصف بلوچ، ممتاز احمد مردوئی،محمد مردوئی، قاری عمران ودیگر نے خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے اسپیشل اسسٹنٹ آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ خوشی اس بات کی ہے کہ خضدار کے لوگ فلاح و بہبود پسماندگی کے خاتمہ اور لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے ہماری جماعت کی جانب آرہے ہیں۔ ماضی میں لوگوں کو کافی حد تک نظر انداز کیا جاتا رہاہے میں جب شہر سے باہر نکل کر تحصیل اور دیہی علاقوں کی طرف جاتا ہوں تو وہاں لوگ کافی بدحال اور زندگی کی سہولیات سے یکسر محرو م دکھائی دیتے ہیں۔

ماضی میں پارٹیوں کو پانچ سال دس سال یا اس سے زیادہ مدت کی نمائندگی ملی لیکن انہوں نے عوام کی حالت بدلنے اور لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے کچھ بھی نہیں کیاخود تو دولت مند بن گئے نمائندگان کی اپنی زندگی میں تبدیلی آگئی لیکن عوام کی زندگی میں کوئی بھی تبدیلی نہیں آئی۔ تحصیل نال اور فیروز آباد کے لوگ پسماندہ رہے ہیں وہ آج بھی پینے کے صاف پانی و دیگر سہولیات سے محروم ہیں۔

میری کوشش ہوگی کہ فیرو زآباد کے لوگوں کو مایوس نہ کروں عوام کے اجتماعی مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کرونگا پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر بجلی کی سہولیات کی فراہمی،عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات ملیں گی تو ان کے حالات تبدیل ہوں گے ان مسائل کے حل کے لئے ہم روزِ اوّل سے کوششیں کررہے ہیں اور مستقبل میں انہی مسائل کا حل ہماری خدمات میں شامل ہوں گی۔

آج بی اے پی میں شامل ہونے والے سیاسی رہنماؤں سابق بلدیاتی نمائندوں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور امید یہی ہے کہ ان کی آمد سے پارٹی مذید فعال اور مضبوط ہوگی۔

اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ اب خضدار کے نواحی علاقہ فیروز آباد بی اے پی کا گڑھ بن چکا ہے، جن سیاسی رہنماء اور لوگوں نے ماضی میں دیگر سیاسی جماعتوں کو ووٹ دیکر انہیں کامیاب کرایا اب وہی سیاسی رہنماء ورکرز بی اے پی کا حصہ بن چکے ہیں۔ یہ بات یقین کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ مستقبل و قریب میں بلوچستان عوامی پارٹی خضدار میں ایک مضبوط قوت بن کر سامنے آئے گی۔۔