خضدار: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ گزشتہ ڈیڈھ سال کے عرصے میں عوام پر مہنگائی کا جو آسیب آگرا ہے اس سے پورا ملک خصوصاً بلوچستان کے لوگ بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ لوگ فاقہ کشی پر مجبور اور ان کا قوتِ خرید جوا ب دے گئی ہے۔
حکمرانوں کے پاس نہ کوئی وژن ہے اور نہ ہی وہ عوام کی فلاح وبہبود کے لئے پالیسیاں بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں،موجودہ حکمران گوڈ گورننس کے حوالے سے نہ صرف ناتجربہ کار ہیں بلکہ نا اہل بھی ہیں بہتری آنے کی بجائے عوام کے حالات آئے روز بد تر ہوتے جارہے ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ(ن) ضلع خضدار کے صدر میر عبدالرحمن زہری جنرل سیکریٹری، عطاء اللہ موسیانی پارٹی رہنماؤں عید محمد ایڈوکیٹ، حاجی محمد نور زہری، نصراللہ شاہوانی، منیراحمد قمبرانی، ڈاکٹر حضوربخش زہری، عبید اللہ قلندرانی، عیبداللہ قمبرانی، جمیل احمد زہری، عبدالجبار زہری،محمد اکرم شاہوانی سمیت دیگر موجود تھے۔
سیاسی رہنماء میر محمد عالم قلندرانی نے بھی نواب ثناء اللہ خان زہری سے ملاقات کی اور پارٹی میں باقاعدہ طور پر شمولیت اختیار کرلی۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سے صوبے کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے فود نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں آل بلوچستان بے روزگار یونین، کے صدر عبدالمالک شاہوانی و ان کے ساتھ وفدپنجگور سے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر آغاگل شاہ، وان کے ساتھ وفد، قلات سے محمد اسماعیل مینگل وان کے ساتھ وفد، سوراب سے غلام حسین زہری و ان کے ساتھ وفد، خضدار سے بھٹے خان ساسولی وان کے ساتھ وفد و دیگر علاقوں سے آئے مختلف وفود نے ملاقات کی۔
ملاقات کے موقع پر بلوچستان میں ڈیزل اور پیٹرول کی بندش اور لاکھوں افراد کے بے روزگار ہونے کے مسئلے کو سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کے سامنے پیش کیا گیا۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ جو سیاستدان عوام کے بیچ ہو اور عوام کے لئے درد رکھتا ہوں وہ کبھی بھی عوام کو پریشان ہوتے نہیں دیکھ سکتا ہے۔
مخلص قیادت ہمیشہ ایسے منصوبہ سازی عمل میں لاتی ہے کہ جس سے عوام کے لئے آسانیاں پید ا ہو، لوگ زیادہ سے زیادہ باروزگار ہوں، خوشحالی آئے اور عوام کی فلاح وبہبود ممکن ہوسکے، موجودہ حکمرانوں کے دور میں ہمیں ایسا کچھ بھی نظر نہیں آرہاہے۔
عوام کی جتنی چیخیں اس دورِ حکومت میں دیکھنے کو مل رہی ہیں اس سے قبل عوام کا اس طرح معاشی قتل عام کسی بھی دور میں دیکھنے کو نہیں ملاہے۔ موجودہ حکومت کو عوام کش حکومت کہا جاسکتا ہے۔بیک وقت ڈالر کا مہنگا ہونا، روپے کی قدر گرنا غربت و بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہونا عوام کو جیتے جی مارنے کے مترادف ہے جو حکمران عوام کے خیرخواہ نہ ہوں جنہیں عوام کی پریشانی کا احساس نہ ہو ایسے حکمرانوں کو اقتدار کرنے کا بالکل بھی حق نہیں پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت کھلی کتاب کی مانند ہے جس نے پورے ملک میں عوام کے فلاح وبہبود کے لئے وسیع پیمانے پر کام کیا، ملک میں سڑکیں بنائی، ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور مہنگائی کو کنٹرول کیا گیا، قیام امن کے لئے بڑی قربانیاں دی گئیں اور پورے ملک میں دیر پا و پرسکون امن عوام کو دیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں پیٹرول اور ڈیزل کے کاروبار سے لاکھوں لوگ وابستہ ہیں اور ان کا چولہا اسی کاروبار سے چلتا ہے اس کاروبار سے عوام کو دور رکھنا یقینا،، بقلم جنش روزگار کرنے والے عوام کو گھر بٹھا دینا کسی بھی طرح عوام کی خیرخواہی نہیں ہے،ایک اہم مسئلہ ہے جس سے بے روزگاری میں مذید اضافہ ہوگا اور عوام کی قوتِ خرید جواب دے گی۔