|

وقتِ اشاعت :   December 27 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی دنیش کمار نے کہا ہے کہ پاکستان جنتی مذہبی آزادی کہیں بھی نہیں ہے۔قائد اعظم محمد علی جناح کی تعلیمات پر عمل کرکے ملک کو امن اور ترقی کا گہوارہ بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا دنیش کمار نے مزید کہا کہ گزشتہ روز بلوچستان سمیت ملک بھر میں مسیحی برادری نے اپنا مذہبی تہوار کرسمس جوش و خروش کے ساتھ منایابلوچستان سمیت پاکستان بھر میں مقیم اقلیتیوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور وہ آزادانہ طو رپر اپنے مذہبی رسومات اداکرسکتے ہیں۔

کرسمس کی تقریبات میں مسلمانوں نے بھی کثیر تعدادمیں شرکت کرکے مسیحی برادری کی خوشیوں کو دوبالا کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہماری مسیحی برادری نے صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کہتا ہے کہ ہمارے ملک میں مذہبی آزادی نہیں ہے میں امریکہ سے کہنا چاہتا ہوں کہ جتنی مذہبی آزادی پاکستان میں ہے اتنی کہیں بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش بھی منایا گیا قائد اعظم محمد علی جناح کی تعلیمات پر عمل کرکے ملک کو امن اور ترقی کا گہوارہ بنائیں گے۔