|

وقتِ اشاعت :   December 29 – 2019

حب: بلوچستان میں معدنیات کے شعبے پر کام کرنے والی چائنیز کمپنی نے ضلع لسبیلہ کے علاقے دودر میں رواں سال پانچ لاکھ ٹن لیڈ اور زنک نکالنے کا اپنا ہدف پوراکرلیا ہے۔

اس بات کا اعلان کمپنی کے چیئرمین ای ژوپنگ نے ہفتہ کے روزایم سی سی کی جانب سے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے دودر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین ای ژوپنگ نے کہا ہے کہ چین باہمی ترقی پر یقین رکھتاہے،دیرینہ سفارتی تعلقات کی بدولت پاکستان اور چین ملکر سی پیک منصوبے کو کامیاب بنائیں گے۔چین پاکستان میں تمام اسٹیک ہولڈرز کیساتھ مل کر کام کرنے کو تیارہے۔

سی پیک منصوبے کے تحت مزید ترقی کے مواقع پیدا ہونگے۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری معدنیات سید ظفر علی بخاری،ایم ڈی پی یم ڈی سی ساجد علی قاضی، ڈی جی منرل وزارت پیٹرولیم اقبال،ایم آر ڈی ایل کے سینئر نائب صدر نواز خان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ای یوپنگ نے کہا کہ ہم نے رواں سال دودر سے پانچ لاکھ ٹن لیڈ اور زنک نکالنے کا اپنا ہدف پوراکرلیا ہے جو ہماری بڑی کامیابی ہے جس کا سہرا منصوبے پر کام کرنے والے پاکستانی اور چائینز ملازمین کے سر جاتا ہے ہم نے ملکر منصوبے سے متعلق چین اور پاکستانی حکومت سمیت دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو مایوس نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ دودر منصوبہ جب ہمارے سپرد کیا گیا تو ہمیں ابتداء میں بہت سی مشکلات پیش آئیں تاہم ہم نے اپنی محنت اور کوششوں کی بدولت نہ صرف ان مشکلات کا مقابلہ کیا بلکہ آج ہم اپنی کامیابی کادن منارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دودر منصوبے پر ایک ہزار سے زائد مقامی لوگ تعینات ہیں جس سے یہاں کی مقامی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کے تمام اسٹیک ہولڈرز کیساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہیں ہمیں ایک دوسرے پر انحصار کرکے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے اس سلسلہ میں ہماری کمپنی اپنے تعاون کا پیمانہ مزید وسیع کریگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ملکر سی پیک کو کامیاب بنائیں گے سی پیک کی کامیابی سے دونوں ممالک کیلئے زیادہ سے زیادہ ترقی کے مواقع میسر آئیں گے ہمیں ہاتھ سے ہاتھ ملاکر چلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ترقی کے پھل کا بیج بورہے ہیں جس کے ثمرات آنے سے پاکستان اور چائنہ کے لوگوں کو ملیں گے۔صو بائی سیکرٹری معدنیات سید ظفر علی بخاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں پچاس سے زائد مختلف قسم کی معدنیات موجود ہیں جنہیں بروئے کار لاکر صوبے کی تعمیر وترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے ہمیں جدید ٹیکنالوجی اور ہنر مند لوگوں کی ضرورت ہے حکومت بلوچستان اس کمی کو پورا کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چائینز کمپنی نے دودر میں ہماری توقعات سے بڑھ کر کام کیا ہے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے ذرائع پیدا ہوئے ہیں آٹھ سو گھرانے براہ راست اس منصوبے سے منسلک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقامی لوگوں کو صحت تعلیم بنیادی سہولیات اور روزگار فراہم کرنا کمپنی کی ذمہ داری ہے۔

محکمہ معدنیات اور بلوچستان حکومت مذکورہ کمپنی کے توسط سے دودر کے لوگوں کیلئے مزید تین سے چار منصوبوں کا آغاز کرنے جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دودر منصوبے کی کامیابی پختہ عزم کا اعادہ ہے مذکورہ کمپنی نے ناممکن کو ممکن کرکے یہ ثابت کیا کہ دنیا میں کوئی چیز ناممکن نہیں ہدف کو پورا کرنے کیلئے محنت اور لگن کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنی مقامی لوگوں میں ٹیکنالوجی منتقل کررہی ہے جو ہمارے آئندہ مستقبل کیلئے نیک شگون ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم آ ر ڈی ایل کمپنی اسلام آباد کے سینئر نائب صدر نواز خان نے کہا کہ دودر منصوبہ پاکستان کا پہلا انڈر گراؤنڈ مائننگ کا منصوبہ ہے، چائنیز کمپنی نے رائلٹی کی مدمیں 1052.434 ملین روپے بلوچستان حکومت کوادا کئے ہیں جبکہ وفاقی حکومت کو ٹیکس کی مد میں 210.487 ملین روپے، ڈویلپمنٹ سرچار ج کی مد میں 105.2 ملین روپے اد کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت چائینز کمپنی نے سو کلومیٹر سے زائد سڑک تعمیر کی ہے قریبی واقع سات گاؤں میں سولر لائٹس لگائی گئی ہیں 11کے قریب دیہاتوں کو پینے کا پانی فراہم کیا جارہاہے۔شہریوں کو روزگار کی فراہمی یقینی بناکر انہیں تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنا ہماری ایک بہت بڑی کامیابی ہے آئندہ آنے والے وقتوں میں مقامی آبادی سمیت بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے فلاح وبہبود کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس موقع پرچائینز کمپنی کی ضلعی انتظامیہ سیکورٹی حکام بھی موجودتھے، قبل ازیں سیکرٹری معدنیات کو منصوبے کا تفصیلی دورہ کرایا گیا۔