|

وقتِ اشاعت :   December 31 – 2019

بلوچستان الیکشن ٹریبونل نے بی اے پی کے 2 اراکین بلوچستان  اسمبلی کی کامیابی کا نوٹیفیکشن کالعدم قرار دے کر ان کے حلقوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا ہے۔

منگل کو الیکشن ٹریبونل نے بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 8بارکھان سے بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران اور پی بی 48 کیچ سے بلوچستان عوامی پارٹی کے ایم پی اے محمد اکبر آسکانی کے خلاف دائر انتخابی عذرداریوں پر فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن کالعدم قراردے دیا۔ الیکشن کمیشن کو وہاں دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سردار عبدالرحمان کھیتران کے خلاف انتخابی عذرداری ان کے مخالف امیدوار نیشنل پارٹی عبدالکریم کھیتران نے دائر کی تھی جس میں ان پر پوسٹل بیلٹ پیپرکے ذریعے دھاندلی کے الزامات عائد کئے تھے جبکہ پی بی اڑتالیس کیچ سے بلوچستان عوامی پارٹی کے ایم پی اے محمد اکبر آسکانی کے خلاف انتخابی عذرداری ان کے مخالف امیدوار اصغر رند نے دائر کی تھی جس میں نادرا کے ذریعے استعمال شدہ ووٹوں کے فنگر پرنٹ کی تصدیق کرانے کی استدعا کی گئی۔

نادرا رپورٹ میں اکبرآسکانی کے حق میں  پڑنے والے پانچ ہزار سے زائد ووٹوں کے فنگر پرنٹ کی تصدیق نہ ہوسکی تھی جس الیکشن ٹریبونل نے دونوں انتخابی عزرداریوں پر فیصلہ سناتے ہوئے پی بی 8 بارکھان اور پی بی 48 کیچ پر دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا۔