کوئٹہ : کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ،بارش اور برفباری کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کا امکان ہے محکمہ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد صوبائی درالحکومت کوئٹہ میں اتوار کی شام تک 7ملی میٹر بارش جبکہ زیارت میں 3.5انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح قلات میں 5.5ملی میٹر، زیارت میں 4.5ملی میٹر، بارکھا ن میں 2، پشین، مستونگ ژوب میں ایک،ایک، چاغی میں 0.5، نوشکی میں 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،رپورٹ کے مطابق کوئٹہ اور زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2جبکہ قلات میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجبکہ آج قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ،زیارت، ژوب، کوئٹہ اور قلات میں موسلا دھار بارشوں اور کوئٹہ، کیچ، خاران، چاغی، مستونگ، سوراب، خضدار، بولان، ہرنائی، سبی اور زیارت میں ندی نالوں میں طغیا نی کا امکان ہے،رپورٹ کے مطابق اتوار کی شام تک صوبے کی تمام بڑی شاہراہیں۔
ریلوے اور مواصلاتی نظام بحال رہا جبکہ کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی اتوار کے روز وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا قلات میں ہونے والے موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے،بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ بجلی اور سوئی گیس نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔
بجلی اور گیس بند ہونے سے شہری شدید سردی میں ٹھٹھر نے پر مجبور ہیں۔ سبی شہر اور گردونواح میں اتوار کو وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا، بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ گیس پریشر میں کمی سے لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔
کوہلو شہر اور گردنواح میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، چمن شہراور گردونواح میں بھی اتوار کے روز بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا جبکہ پہاڑی سلسلے پر ہلکی ہلکی برف باری سے موسم شدید سرد ہوگیا۔