کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر واقع گھر میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے میاں،بیوی تین بچوں سمیت جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے افراد سخت سردی میں سوئی گیس کا ہیٹر جلتا چھوڑ کر سوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ شب بے نظیر پارک میں سیکورٹی گارڈ نوید شہزاد ارباب کرم خان روڈ پر واقع اپنے گھر میں سردی کے باعث ہیٹر جلتا ہوا چھوڑ کرسو گیاجس سے رات کو گیس لیکج کے باعث کمرے میں گیس بھر جانے سے نوید شہزاد اسکی اہلیہ ریما، بارہ سالہ بیٹی ردا،دس سالہ بیٹا محمد احمد اور آٹھ سالہ بیٹی ندا دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوگئے بدھ کی شب اہل محلہ کی اطلاع پر پولیس نے گھر کا دروازہ توڑ کر میاں بیوی اور تینوں بچوں کی لاشیں نکال کر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیں جہاں طبی معائنہ کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔متوفی نوید شہزاد کے بھائی عبدالحمید کے مطابق نوید شہزاد ایک فلیٹ میں رہائش پذیر تھا۔
انہوں نے بتایا کہ منگل کی شب متوفی نے گھر کے اندر ہٹر اور چولہا دونوں جلا رکھے تھے گیس لیکج کے باعث ہلاکتیں ہوئیں جبکہ اہل محلہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اکثر اوقات رات کے وقت گیس کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے جس سے پہلے بھی ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔واضح رہے کوئٹہ میں پچھلے پانچ برسوں کے دوران گیس لیکج کے باعث پچاس سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔