|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2020

سر علی اصغر ویٹرن الیون کے زیر اہتمام پاکستان کے سابق مایہ ناز فٹبالر استاد علی اصغر ٹونی کی 17 ویں برسی بڑے عقیدت و احترام کے ساتھ کراچی کے کالونی اسپورٹس کمپلیکس میں منائی گئی۔ برسی کے سلسلے میں قرآن خوانی، فاتحہ خوانی اور لنگر کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر استاد علی اصغر کے شاگردوں اور ویٹرن الیون کے وائس چئیرمین آغا کمال، کپتان انجم سخاوت، نائب کپتان اختر خان کے علاوہ ویٹرن الیون کے کھلاڑی ایک بڑی تعداد میں موجود تھے جبکہ استاد علی اصغر کے چھوٹے بھائی اور سابق انٹرنیشنل فٹبالر غلام سرور ٹیڈی لاہور سے خصوصی طور پر تشریف لائے تھے۔ اس کے علاوہ ایس ایس پی ملیر کینٹ جنید، سابق نیشنل کھلاڑی اور نیشنل بینک کے کوچ غلام شبیر، نیشنل ریفری بشیر احمد اور دی سیو فٹبال آرگنائزیشن کے جنرل سیکریٹری زر خان بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

واضح رہے کہ استاد علی اصغر ٹونی اہنے دور کے ایک بہت بڑے فٹبالر تھے انہوں نے کراچی میں بہت سے شاگرد پیدا کرکے کراچی میں فٹبال کیفروغ میں اہم کردار ادا کیا، استاد علی اصغر ٹونی نے پی آئی اے کے اور پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے مختلف ملکی اور بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹس میں اپنے بہترین کھیل کی بدولت شائقین فٹبال کو محظوظ کرتے ہوئے فٹبال کی دنیا میں اپنا لوہا منوایا۔