|

وقتِ اشاعت :   January 14 – 2020

تربت:  صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی کی صدارت میں مکران ڈویژن میں بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ایک اہم اجلاس کمشنر آفس تربت میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کمشنر مکران طارق قمر،ڈپٹی کمشنر کیچ سکندر ذیشان کے علاوہ مختلف صوبائی محکموں کے ضلعی سربراہان جن میں مواصلات اور تعمیرات، صحت،تعلیم،آبپاشی، پی ایچ ای،لوکل گورنمنٹ زراعت،پلاننگ اور دیگر شامل تھے نے شرکت کی۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ ضلع کیچ میں بارشوں کی وجہ سے بند شاہراہوں کو کھولنے کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو جلد اور فوری اقدامات کرنے چاہیے تاکہ مکران ڈویژن کا صوبے کے دیگر علاقوں سے رابطہ بلا کسی تاخیر کے بحال کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو موجودہ مالی سال میں خاطر خواہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات کرسکیں۔

اس دوران انہوں نے محکمہ ایم ایم ڈی کے اہلکاروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کمشنر مکران کی سربراہی میں انتظامیہ کے اہلکاروں کے ساتھ ملکر ایک حکمت عملی ترتیب دیں اور اپنے بلڈوزر اور دیگر مشینریوں کو متاثر جگہوں پر فوری طور پر روانہ کریں تاکہ ریلیف کے کاموں میں رخنہ نہ آسکے اور زرعی باغات اور شاہراہوں میں بحالی کا کام بلا روک ٹوک پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔

انہوں نے کمشنر مکران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ریلیف کے حوالے سے مختلف محکموں کے کاموں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں تاکہ ضلع کیچ میں بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کو معمول پر لایا جاسکے دریں اثناء کمشنر مکران نے اس حوالے سے مختلف محکموں کے سربراہان سے فرداً فرداً بریفنگ لی اور شہر میں نکاسی آب، کچرااصفائی اور شاہراہوں کی بحالی اور دیگر مسائل کے حوالے سے ان سے تبادلہ خیال کیا۔

دریں اثناء اجلاس کے دوران ایس ای بی اینڈ آر اختر بلوچ اور ایکسین بی اینڈآر عبدالقیوم رند نے اپنے محکمہ کی جانب سے سڑکوں اور شاہراہوں کو کھولنے کے حوالے سے کمشنر مکران طارق قمر کو آگاہ کیا جبکہ ایکسین ایری گیشن سمیع اللہ بلوچ نے بارشوں کے نتیجے میں میرانی ڈیم کی موجودہ صورتحال کے بارے میں میٹنگ کے شرکاء کو بریفنگ دی اور کہا کہ بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال اطمینان بخش ہے اور اس میں ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

کیونکہ بارش کا اضافی پانی بلا کسی روک ٹوک کے میرانی ڈیم سے کامیابی کے ساتھ اخراج ہورہا ہے جبکہ آیندہ چند دنوں میں مزید بارش کا بھی کوئی امکان نہیں،انجینئر بالاچ امیر نے محکمہ پی ایچ ای کے واٹر سپلائی اسکیموں کی بحالی جبکہ محکمہ صحت کے ڈاکٹر اختر بلیدی نے متاثرہ علاقوں میں دوائیوں کی فراہمی کے بارے میں میٹنگ کے دوران کمشنر مکران سے تبادلہ خیال کیا۔

علاوہ ازیں کمشنر مکران طارق قمر نے متعلقہ محکموں کے اہلکاروں سے تازہ ترین صورتحال کے بارے میں دو دن میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی،بعدازاں صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے، کمشنر مکران طارق قمر اور ڈپٹی کمشنر کیچ سکندر ذیشان نے دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکاروں کے ہمراہ شہرک ودیگرمقامات کادورہ بھی کیا اور وہاں پر بارشوں کی وجہ سے نقصانات اور ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکمہ کے اہلکاروں کو بحالی کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کے احکامات بھی دئیے۔